تھائی لینڈ کی شہزادی بجراکیٹیابھا مہیدول 47 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں

تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن کی بڑی صاحبزادی شہزادی بجراکیٹیابھا مہیدول 47 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

بنکاک۔12جون (اے پی پی):تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن کی بڑی صاحبزادی شہزادی بجراکیٹیابھا مہیدول 47 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق شاہی بیورو آف دی رائل ہاؤس ہولڈ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ شہزادی پیٹ کے انفیکشن میں مبتلا تھیں اور ان کی حالت مسلسل بگڑتی رہی اور وہ شام 7 بجکر 48 منٹ پر بنکاک کے کنگ چولالونگ کارن میموریل ہسپتال میں دم توڑ گئیں، جہاں وہ دسمبر 2022 سے زیر علاج تھیں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے جسد خاکی کو بنکاک کے گرینڈ پیلس میں رکھا جائے گا اور ان کی آخری رسومات شاہی روایات کے مطابق مکمل اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔شہزادی بجراکیٹیابھا، جنہیں تھائی لینڈ میں “پرنسس بھا” کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، بادشاہ کی پہلی شادی سے واحد اولاد تھیں اور دسمبر 2022 میں اچانک بیماری کے بعد سے ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔

مئی میں شاہی بیورو نے بتایا تھا کہ ان کی حالت مزید بگڑ گئی تھی اور وہ پھیپھڑوں اور گردوں کے افعال کو برقرار رکھنے کے لیے طبی آلات اور ادویات پر انحصار کر رہی تھیں۔شہزادی نے قانون کی تعلیم برطانیہ، تھائی لینڈ اور امریکا سے حاصل کی اور کارنیل یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری لی۔ وہ تھائی لینڈ میں پراسیکیوٹر اور سفارتکار کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی تھیں، اور آسٹریا میں تھائی لینڈ کی سفیر بھی رہیں۔وہ اقوام متحدہ کے مختلف عہدوں پر بھی فائز رہیں اور خواتین کے حقوق، خصوصاً جیلوں میں خواتین کی بہتر صورتحال کے لیے سرگرم رہیں۔تھائی شاہی خاندان میں ان کا کردار رسمی اور اہم سمجھا جاتا تھا، اور وہ بادشاہ کے قریبی افراد میں شمار ہوتی تھیں، تاہم تخت نشینی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔