نوابشاہ ،ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد کی زیر صدارت گزشتہ انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس

ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت مئی 2026ء میں منعقد ہونے والی خصوصی انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس انکے دفتر میں منعقد ہوا ۔

نوابشاہ۔ 12 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت مئی 2026ء میں منعقد ہونے والی خصوصی انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس انکے دفتر میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں مئی 2026ء کی پولیو مہم کے دوران حاصل ہونے والے نتائج، بچوں کی ویکسینیشن کوریج، رہ جانے والے بچوں تک رسائی اور مہم کے دوران درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے ضلع بھر میں پولیو کے خاتمے کے لیے کی جانے والی سرگرمیوں اور کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ قومی فریضہ ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ پولیو مہمات کے دوران کسی بھی بچے کو ویکسین سے محروم نہ رہنے دیا جائے اور ہائی رسک علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے محکمہ صحت اور شراکت دار اداروں کو ہدایت کی کہ پولیو سے متعلق عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ والدین اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے میں بھرپور تعاون کریں۔ اجلاس میں آئندہ پولیو مہمات کی حکمت عملی اور درپیش چیلنجز کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے پولیو کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بہتر کارکردگی کے تسلسل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران نے گزشتہ خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوران حاصل کئے گئے ٹارگٹ اور درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہی دی اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مدثر حسین، ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی ذاکر حسین سموں، ڈاکٹر ریاض شاہ، ایم ایس ڈاکٹر یار علی جمالی، ڈاکٹر جاوید احمد قریشی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔