آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ ٹونی پوپووک کے معاہدے میں ایشیا کپ 2027 تک توسیع

فٹبال آسٹریلیا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے چند گھنٹے قبل ہیڈ کوچ ٹونی پوپووک کے معاہدے میں توسیع کر دی ہے جس کے تحت وہ اب آئندہ سال سعودی عرب میں ہونے والے ایشین کپ کے اختتام تک آسٹریلوی ٹیم کی کوچنگ کریں گے

الامیڈا۔12جون (اے پی پی):فٹبال آسٹریلیا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے چند گھنٹے قبل ہیڈ کوچ ٹونی پوپووک کے معاہدے میں توسیع کر دی ہے جس کے تحت وہ اب آئندہ سال سعودی عرب میں ہونے والے ایشین کپ کے اختتام تک آسٹریلوی ٹیم کی کوچنگ کریں گے۔ای ایس پی این کے مطابق 52 سالہ ٹونی پوپووک نے ستمبر 2024 میں گراہم آرنلڈ کے استعفے کے بعد ٹیم کی باگ ڈور سنبھالی تھی اور گرتی ہوئی ورلڈ کپ کوالیفائنگ مہم کو سنبھالتے ہوئے آسٹریلیا کو ایک دہائی کے بعد پہلی بار جاپان اور سعودی عرب کے خلاف فتوحات کے ساتھ براہ راست ورلڈ کپ میں پہنچایا۔ ترکیہ کے خلاف ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ سے محض 48 گھنٹے قبل ان کے معاہدے میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی گئی ہے تاکہ ورلڈ کپ کے فوراً بعد جنوری میں ہونے والے ایشین کپ تک تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔

ٹونی پوپووک نے اپنے بیان میں معاہدے کی توسیع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کی قیادت کرنا ان کے لیے ہمیشہ ایک اعزاز رہا ہے، تاہم ان کی اولین اور مکمل توجہ اس وقت ورلڈ کپ کے گروپ میچز میں ترکیہ، امریکا اور پیراگوئے کے خلاف ٹیم کو تیار کرنے پر مرکوز ہے۔ فٹبال آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو مارٹن کوگلر نے اس فیصلے کو ٹیم کے استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹونی پوپووک نے گذشتہ 21 ماہ میں بہترین نتائج دینے کے ساتھ نوجوان ٹیلنٹ کو بھی نکھارا ہے، اس لیے ورلڈ کپ اور ایشین کپ کے درمیان کم وقت ہونے کے باعث یہ فیصلہ انتہائی اہم تھا۔ آسٹریلیا کو آئندہ سال سعودی عرب میں ہونے والے ایشین کپ کے گروپ ڈی میں تاجکستان، سنگاپور اور عراق کے ساتھ رکھا گیا ہے، اور وہ 2015 کے بعد ایک بار پھر ٹائٹل جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔