پی ایس ڈی پی 2026-27 کے تحت کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے میں 1.851 ارب روپے مختص

وفاقی حکومت نے بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کے تحت کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی کے منصوبوں کے لئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام 2026-27 (پی ایس ڈی پی ) میں تقریباً 1.851 ارب روپے مختص کئے ہیں جو ملک بھر میں کھیلوں کی سہولیات کو بہتر بنانے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کے تحت کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی کے منصوبوں کے لئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام 2026-27 (پی ایس ڈی پی ) میں تقریباً 1.851 ارب روپے مختص کئے ہیں جو ملک بھر میں کھیلوں کی سہولیات کو بہتر بنانے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ پی ایس ڈی پی دستاویزات کے مطابق مجموعی طور پر 13 جاری ترقیاتی منصوبے موجودہ سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے گئے ہیں جن کی مجموعی منظور شدہ لاگت 9.508 ارب روپے ہے۔ 30 جون 2026 تک ان منصوبوں پر 4.356 ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں جبکہ 5.151 ارب روپے کی رقم آئندہ مالی سال کے لئے مختص کی گئی ہے۔

اہم منصوبوں میں پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ارشد ندیم اور شہباز شریف ہائی پرفارمنس اسپورٹس اکیڈمی کا قیام شامل ہے جس کے لئے 250 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ یہ منصوبہ 27 جنوری 2025 کو سی ڈی ڈبلیو پی سے منظور ہوا تھا اور اس کی کل لاگت 895.087 ملین روپے ہے۔ اسی طرح جنوبی ایشیائی کھیلوں کے لئے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں مختلف سہولیات کی فراہمی کے لئے 134.832 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ان سہولیات میں وارم اپ ٹریک، ہیٹ ایکسچینجر، کوچز کے رہائشی فلیٹس، کثیرالمقاصد ہالز، فینسنگ، فائیو اے سائیڈ ہاکی گراؤنڈ، فٹسال گراؤنڈز اور ماسٹر پلاننگ شامل ہیں۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 769.391 ملین روپے ہے۔

اسکردو میں پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) کوچنگ سینٹر کی تعمیر کے لیے 150 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد، فیصل آباد، واہ کینٹ، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد اور سوات سمیت سات شہروں میں مصنوعی ہاکی ٹرف کی تبدیلی اور تنصیب کے لئے 120 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ دیگر اہم منصوبوں میں پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اور پی ایس بی کوچنگ سینٹرز میں الیکٹرانک ڈسپلے اور اسکورنگ سسٹمز کی تنصیب کے لیے 271.200 ملین روپے، لیاقت جمنازیم کی ایئرکنڈیشننگ کے لئے 158.371 ملین روپے اور پی ایس بی کوچنگ سینٹر کراچی میں مصنوعی ایتھلیٹکس ٹریک، فٹبال گراؤنڈ، اسپرنکلنگ سسٹم اور فلڈ لائٹس کی تنصیب کے لئے 150 ملین روپے شامل ہیں۔ فیصل آباد میں دو پیڈل کورٹس پر مشتمل کثیرالمقاصد اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 144.512 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ پی ایس بی کوچنگ سینٹر کراچی کی موجودہ سہولیات کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے لئے 196.587 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔

اسی مرکز میں کھلاڑیوں کے ہاسٹل کی تعمیر کے لیے 26.415 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جنوبی ایشیائی کھیلوں کی تیاری کے سلسلے میں موجودہ سہولیات کی بحالی اور بہتری کے لیے 88.226 ملین روپے جبکہ سڑکوں، فٹ پاتھوں، مرکزی دروازے، سکیورٹی نظام اور لینڈ اسکیپنگ کی بہتری کے لیے 90.569 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مزید برآں، پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں بائیو مکینیکل لیب کے قیام کے لیے 70.488 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ یہ فنڈز اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ حکومت کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو جدید بنانے، ایلیٹ کھلاڑیوں کے لئے تربیتی سہولیات کو بہتر بنانے اور قومی و صوبائی سطح پر کوچنگ کی صلاحیت میں اضافے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں بین الاقوامی کھیلوں کے بڑے مقابلوں کی بہتر میزبانی اور تیاری ممکن بنائی جا سکے۔