صرف حقائق اور تصدیق شدہ خبروں کے ذریعے جھوٹے اور بے بنیاد بیانیہ کو شکست دی جا سکتی ہے, گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل
معاشرے کو سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے حقائق پر مبنی معلومات کا فروغ ضروری ہے،گورنربلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 12 جون (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے ذریعے حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنےکیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں،صرف حقائق اور تصدیق شدہ خبروں کے ذریعے جھوٹے اور بے بنیاد بیانیہ کو شکست دی جا سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ” انڈیویجول لینڈ ” کے زیر تربیت میڈیا لٹریسی اور ڈیجیٹل رائٹس سے متعلق بلوچستان کے مختلف اضلاع سے 30 کے قریب میڈیا ایکٹیویسٹ سے گورنر ہائوس میں انٹرایکشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ آج دنیا کی کسی بھی بڑی لائبریری سے زیادہ کتابیں آپ کے پرسنل موبائل فون پر دستیاب ہیں لہذا فوری طور پر ہمیں اپنے بیانیہ کو مزید زمینی حقائق کے مطابق ڈھالنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انفارمیشن ٹیکنالوجی سےدنیا بھر میں جدت آئی ہے جس کے نتیجے میں ہر موبائل فون ایک نیوز روم ہے، اس سہولت کے ساتھ صارف پر کئی اہم ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں اسلئے میڈیا لٹریسی کی یہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے، اس اہم تربیت میں شرکا سیکھیں گے کہ میڈیا کیسے کام کرتا ہے، پیغامات کون تخلیق کرتا ہے اور جعلی خبروں کا تدارک کیسے کیا جا تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مہذب معاشرے کیلئے دفاع کی پہلی لائن جعلی خبروں اور جھوٹے بیانات کا تدارک ہے،آپ سب کو معلوم ہیں کہ کسطرح جعلی خبریں، من گھڑت کہانیاں، افواہیں اور غیر معیاری تصاویر چند منٹوں میں لوگوں میں تکلیف اور خوف پھیلا سکتی ہیں۔ گورنر مندوخیل نے تمام زیر تربیت میڈیا ایکٹیویسٹ پر زور دیا کہ صرف سچ اور معروضی حقائق پر مبنی تصدیق شدہ خبروں کو آگے پھیلائیں کیونکہ آپ کے حفاظتی اقدامات ہمارے پورے معاشرے کو سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ڈیجیٹل رائٹس اور کمیونٹی لیڈرشپ ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ ڈیجیٹل حقوق کا مطلب ہے آپ کی رازداری، آزادی اور آن لائن تحفظ کے حق کو یقینی بنانا ہے، مستقبل قریب کے کمیونٹی لیڈرز کے طور پر آپ کو اپنے لیے ان حقوق کا تحفظ اور نئی نسل میں حب الوطنی کی اقدار کو فروغ دینا ہوگا۔ آخر میں انہوں نے منتظمین اور شرکا کی کامیابی اور سرخروئی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








