گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک حقیقی عوامی جماعت ہے اور جب بھی پارٹی کو عوام کی خدمت کا موقع ملا، عوام اور سرکاری افسران نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو اپنے مسائل کے حل کے لیے مسیحا کی نظر سے دیکھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف) اور پیپلز یوتھ خیبر کے عہدیداروں کے …
پاکستان پیپلز پارٹی ایک حقیقی عوامی جماعت ہے،گورنر خیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی

مزید خبریں
پشاور۔ 12 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک حقیقی عوامی جماعت ہے اور جب بھی پارٹی کو عوام کی خدمت کا موقع ملا، عوام اور سرکاری افسران نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو اپنے مسائل کے حل کے لیے مسیحا کی نظر سے دیکھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف) اور پیپلز یوتھ خیبر کے عہدیداروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے۔ گیس، پانی، معدنیات، بجلی اور دیگر بے شمار قدرتی نعمتیں اس دھرتی کو حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ خطے میں استحکام اور امریکہ و ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے بعد دنیا کی توجہ اس خطے کی جانب مبذول ہوگی، جس میں پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا اہم مرکز کی حیثیت اختیار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے قیام امن ناگزیر ہے۔ امن ہوگا تو کاروبار بڑھے گا، سرمایہ کاری آئے گی اور ہمارے نوجوانوں کو روزگار اور ترقی کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ خیبرپختونخوا کے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم میں کوٹہ بڑھانے کے حوالے سے بات کریں گے، جبکہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام میں بھی صوبے کے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔
گورنر نے کہا کہ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور پیپلز یوتھ کے نوجوان نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی بلکہ پورے خیبرپختونخوا کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوان اپنی توجہ تعلیم کے حصول، خصوصاً فنی اور تکنیکی تعلیم پر مرکوز رکھیں کیونکہ مستقبل میں ملک کی قیادت انہیں ہی سنبھالنی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے بھر میں صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات کی فراہمی، نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے گورنر ہاؤس ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع ، خیبر اور کرم کو ہلال احمر کے زریعے ہر ممکن امداد فراہم کی گئی ، خیبر کے تیرہ سو خاندانوں کو 38 ہزار روپے فی خاندان عالمی ڈونرز سے مستحق قرار دینے کے بعد امداد دی گئی ۔کنونشن سے پیپلز پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک سعید ، ضلعی صدر خیبر شیر شاہ آفریدی ، پی ایس ایف کے صدر نوید آفریدی نے بھی خطاب کیا۔







