گورنر سندھ سید نہال ہاشمی سے کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے وفد کی ملاقات،جدید سکیورٹی اقدامات پر تبادلہ خیال

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی اعتماد اور تعائون وقت کی اہم ضرورت ہے۔

کراچی۔ 12 جون (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی اعتماد اور تعائون وقت کی اہم ضرورت ہے۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جس کی قیادت مراد علی سوہنی کر رہے تھے۔ وفد میں عتیق اقبال، محمد عرفان ابو بکر، حافظ محمد ٹبہ، فیصل راشد، جمال سیٹھی، عامر چورا، عباس طیب، محمد مسعود، راجہ سفیر اور دانش شامل تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کے موثر اقدامات جرائم کی روک تھام، عوامی تحفظ اور پرامن معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ امن و امان کے استحکام کے لیے عوام، پولیس اور سماجی اداروں کا باہمی اشتراک ناگزیر ہے۔وفد نے گورنر سندھ کو حج کی سعادت کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کی اور اجرک و یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔ملاقات میں کراچی میں امن و امان، کمیونٹی پولیسنگ، شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی تعائون کے فروغ اور جدید سکیورٹی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر مراد علی سوہنی نے گورنر سندھ کو کمیونٹی پولیسنگ کراچی کی سرگرمیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر بھر میں اپنی مدد آپ کے تحت 25 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں جبکہ 18اہم مقامات بشمول پولیس اسٹیشنز، سٹی کورٹ اور دیگر حساس مقامات پر نگرانی کے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام سے شہری سکیورٹی اور نگرانی کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے۔وفد نے گورنر سندھ کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے دورے کی دعوت بھی دی۔ گورنر سندھ نے کراچی میں امن کے قیام کے لیے کمیونٹی پولیسنگ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید خبریں