صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے وفاقی حکومت کے مالی سال 2026-27کے بجٹ کو زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کے لیے انتہائی مثبت اور دور رس نتائج کا حامل قرار دیا
وفاقی بجٹ میں زراعت و لائیو سٹاک کو ترجیح دینے سے زرعی ترقی اور معاشی استحکام کی نئی راہیں کھلیں گی، عاشق حسین کرمانی

مزید خبریں
لاہور۔12جون (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے وفاقی حکومت کے مالی سال 2026-27کے بجٹ کو زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کے لیے انتہائی مثبت اور دور رس نتائج کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ان شعبوں کے لیے خطیر فنڈز کی فراہمی سے زرعی و مویشی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت مزید مضبوط بنیادوں پر استوار ہوگی۔
جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں زرعی شعبے کی بحالی اور لائیو سٹاک کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وفاقی بجٹ میں کسانوں، کاشتکاروں اور لائیو سٹاک فارمرز کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اہم اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن سے زرعی شعبے کی جدید خطوط پر ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ معیاری بیج، کھاد، زرعی ادویات اور جدید زرعی مشینری کی مناسب نرخوں پر فراہمی کے ساتھ ساتھ زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن جیسے منصوبے پیداواری لاگت میں کمی لائیں گے اور فصلوں کی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان اقدامات سے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور زرعی شعبے کی مجموعی کارکردگی بہتر ہوگی۔عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ لائیو سٹاک پاکستان کی معیشت کا ایک اہم ستون ہے۔ بجٹ میں اس شعبے پر خصوصی توجہ سے گوشت، دودھ اور دیگر مویشی مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، جس سے نہ صرف ملکی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ برآمدات میں اضافے کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیا جا سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی معاشی چیلنجز اور مالی دبا کے باوجود وفاقی حکومت نے ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اقدامات کو برقرار رکھتے ہوئے عام شہریوں پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کیا گیا ہے جبکہ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ حکومت کی عوامی فلاح کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔صوبائی وزیر زراعت نے اس امید کا اظہار کیا کہ وفاقی بجٹ میں کیے گئے اقدامات کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے اور پاکستان زرعی پیداوار، خوراک کے تحفظ اور معاشی استحکام کے اہداف کے حصول میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔







