وفاقی حکومت کی جانب سے معاشی و توانائی اصلاحات عوام کے لیے تاریخی ریلیف ہے، ملک محبت اعوان

پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع ایبٹ آباد کے صدر ملک محبت اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے بجٹ 2026.27 میں معاشی و توانائی اصلاحات تاریخی عوامی ریلیف ہے

ایبٹ آباد۔ 12 جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع ایبٹ آباد کے صدر ملک محبت اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے بجٹ 2026.27 میں معاشی و توانائی اصلاحات تاریخی عوامی ریلیف ہے، جس کا مقصد تنخواہ دار طبقہ، چھوٹے تاجروں اور کاروباری برادری پر بوجھ کم کرنا اور معیشت کو طویل المدتی استحکام فراہم کرنا ہے۔

جمعہ کو یہاں وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار افراد کے لیے تمام سلیبز میں انکم ٹیکس کی شرح میں کمی، ٹیکس چھوٹ کی حد میں اضافہ اور کم از کم اجرت میں 10 فیصد اضافہ عوام کی قوتِ خرید بہتر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔انہوں نے سیکشن 99B کے تحت چھوٹے تاجروں کے لیے فکسڈ ٹیکس اسکیم کو خاص طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک کاروبار دوست اور دستاویزی نظام کو فروغ دینے والا اقدام ہے، جس کے تحت 10 ملین روپے سالانہ سیلز تک کے تاجروں پر صرف 1 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا، آڈٹ کی شرط نہیں ہوگی اور کیو آر کوڈ کی بنیاد پر تصدیق کی جائے گی۔انہوں نے ڈیجیٹل ٹرانزیکشن ودہولڈنگ ٹیکس میں 5 فیصد سے کم ہو کر 0.5 فیصد ہونے کو ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور مالی شمولیت کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ تعمیراتی شعبہ میں ریلیف کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خریداری اور فروخت پر ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔آئی ٹی سیکٹر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جون 2029 تک ایکسپورٹ مراعات کی توسیع اور 0.25 فیصد فائنل ٹیکس رجیم کا تسلسل پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو مضبوط کرے گا اور سرمایہ کاری کو فروغ دے گا۔ انہوں نے نیشنل فیس لیس سینٹر کے قیام کو بھی سراہا جو خودکار اور غیر جانبدار ٹیکس اسیسمنٹ کے ذریعے شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنائے گا۔توانائی اصلاحات پر بات کرتے ہوئے ملک محبت اعوان نے کہا کہ بجلی کے شعبہ میں مسابقتی تجارتی دو طرفہ معاہدہ کا آغاز ایک بڑا اہم قدم ہے، جبکہ گردشی قرضے میں کمی اور نیٹ زیرو اکومولیشن کا حصول توانائی کے نظام کو مستحکم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تیل و گیس کی تلاش میں پیش رفت کے تحت 24 آف شور لائسنس جاری کیے گئے اور 17 نئی دریافتوں سے 229 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور 13 ہزار بیرل تیل شامل ہوا ہے۔ ایل این جی کے 1.2 ارب کیوبک فٹ یومیہ کے معاہدے توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 2027 تک سبسڈی نظام کو بی آئی ایس پی کے ذریعے براہِ راست ادائیگیوں میں منتقل کرنا شفافیت اور مستحق خاندانوں تک امداد کی بہتر فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ملک محبت اعوان نے کہا کہ یہ اصلاحات مجموعی طور پر معاشی استحکام، صنعتی ترقی اور توانائی تحفظ کا ایک جامع روڈ میپ ہیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس پر عملدرآمد کے لیے تعاون کرنا چائیے۔

مزید خبریں