جی سی ڈبلیو یو ایس میں جمعہ کو پہلے رائزوبیکٹیریل کلچر کلیکشن بینک کے قیام کے حوالے سےبین الاقوامی سیمینار
جی سی ڈبلیو یو ایس میں پہلے رائزوبیکٹیریل کلچر کلیکشن بینک کے قیام کے حوالے سے بین الاقوامی سیمینار منعقد

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 12 جون (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ (جی سی ڈبلیو یو ایس) میں جمعہ کو پہلے رائزوبیکٹیریل کلچر کلیکشن بینک کے قیام کے حوالے سےبین الاقوامی سیمینار منعقد ہوا۔
یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق یہ سیمینار شعبہ نباتیات کی جانب سے اس اقدام کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا گیا جس کا مقصد یونیورسٹی میں مفید رائزوبیکٹیریا کے پہلے ذخیرہ گاہ (ریپوزٹری) کا قیام ہے۔مجوزہ منصوبے کا مقصد مقامی بیکٹیریا کی حیاتیاتی تنوع کو محفوظ بنانا اور ماحول دوست حیاتیاتی کھادوں (بایوفرٹیلائزرز) اور حیاتیاتی زرعی ادویات (بایوپیسٹی سائیڈز) کی تیاری میں معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دیا جا سکے۔کلچر کلیکشن بینک محققین اور دیگر متعلقہ اداروں کو تصدیق شدہ بیکٹیریائی اقسام فراہم کرے گا جس سے تحقیق، جدت اور صنعت و اکیڈیمیا کے باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔یونیورسٹی حکام کے مطابق یہ سہولت زراعت میں مفید خرد حیاتیات (مائیکرو آرگینزمز)کے استعمال کو فروغ دے کر موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے میں فصلوں کی زیادہ مضبوط پیداوار میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔اس اقدام کو مائیکروبیل وسائل کے تحفظ، زرعی بائیوٹیکنالوجی کے فروغ اور پاکستان میں پائیدار فصلی پیداوار کے استحکام کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ سائنسی تحقیق کو فروغ دینے اور ماحول دوست حل کے ذریعے زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔







