وفاقی بجٹ 2026-27 نوجوانوں، کاروبار اور بلوچستان کی ترقی کے لیے امید افزا ہے، جمال شاہ کاکڑ

پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ کا وفاقی بجٹ 2026-27 کو عوام دوست اور ترقی پسند بجٹ قرار

کوئٹہ۔ 12 جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے وفاقی بجٹ 2026-27 کو عوام دوست اور ترقی پسند بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت نے عوام کو ریلیف دینے، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام، نوجوانوں کے لیے کاروباری و زرعی قرضوں کی اسکیموں، ہنر مندی کے پروگراموں اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے مختص اقدامات سے بلوچستان کے نوجوانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت بلوچستان میں جاری 148 ترقیاتی منصوبوں کے لیے گزشتہ مالی سال میں 206 ارب روپے مختص کیے گئے جبکہ ان منصوبوں کی مجموعی لاگت 1.36 کھرب روپے سے زائد ہے، جو وفاقی حکومت کی بلوچستان کی ترقی سے وابستگی کا واضح ثبوت ہے،آئندہ مالی سال 27-2026 میں سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی)کے تحت آبی وسائل ڈویژن کے بلوچستان میں 100 ڈیمز کی تعمیر کے پیکیج فور منصوبہ کے تحت 23 ڈیموں کی تعمیر کے لئے1800ملین روپے کا بجٹ مختص کیاگیا ہے۔اس منصوبہ پر مجموعی لاگت کا تخمینہ13512.725ملین روپے ہے جبکہ 30 جون 2026تک منصوبہ پر4940ملین روپے کے اخراجات متوقع ہیں ۔۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے یہ اقدامات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، مواصلاتی رابطوں اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے ساتھ ساتھ چھوٹے صوبوں کے حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں نوجوانوں، کسانوں، کاروباری طبقے اور کم آمدنی والے افراد کے لیے متعدد سہولتوں کا اعلان کیا گیا ہے جو معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔

مزید خبریں