بیکن ہائوس نیشنل یونیورسٹی ہفتہ کے روز طلبہ کی ذہنی صحت کے فروغ اور پاکستان بھر میں منشیات سے پاک محفوظ تعلیمی ماحول کے قیام کے لیے دو اہم اشاعتوں کا اجراء کرے گی۔
بیکن ہائوس نیشنل یونیورسٹی کل ہفتہ کومنشیات سے پاک تعلیمی ماحول پر دو اہم اشاعتوں کا اجراءکرے گی

مزید خبریں
لاہور۔12جون (اے پی پی):بیکن ہائوس نیشنل یونیورسٹی ہفتہ کے روز طلبہ کی ذہنی صحت کے فروغ اور پاکستان بھر میں منشیات سے پاک محفوظ تعلیمی ماحول کے قیام کے لیے دو اہم اشاعتوں کا اجراء کرے گی۔یہ اشاعت کیمپس کیئر’ ایک نفسیاتی ابتدائی امداد کی رہنمائی‘ اور فرام رسک ریزیلنس ’ بی این یو سبسٹینس یوز کنٹرول پروگرام ‘ کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب میں پیش کی جائیں گی۔ اس موقع پر بی این یو کے ڈرگ فری سیف کیمپس ماڈل کا باقاعدہ آغاز بھی کیا جائے گا، جسے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے قومی و بین الاقوامی معیار کے مطابق ایک مثالی ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ اقدام یونیسکو، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، یو این او آن ڈرگس اینڈ کرائمز کے مقرر کردہ معیارات سے ہم آہنگ ہے۔بی این یو کے وائس چانسلرڈاکٹر معید یوسف تقریب سے کلیدی خطاب کریں گے اور اس اقدام کے وژن اور مقاصد پر روشنی ڈالیں گے۔ تقریب میں سینئر وزیرمریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔پروگرام میں منشیات کی روک تھام، طلبہ کی فلاح و بہبود اور اعلیٰ تعلیم میں بہترین عملی اقدامات پر بین الادارہ جاتی تعاون کے موضوع پر اوپن مائیک سیشن بھی منعقد ہوگا، جبکہ اعلیٰ تعلیم کی پالیسی ترجیحات پر خصوصی خطاب بھی کیا جائے گا۔
شرکاء بعد ازاں ایک نمائش کا دورہ کریں گے جس میں بی این یو اور لاہور کی دیگر جامعات کے طلبہ کے کمیونٹی سروس منصوبے پیش کیے جائیں گے۔اس تقریب میں حکومتی نمائندے، وائس چانسلرز، ماہرین اور دیگر متعلقہ فریق شرکت کریں گے تاکہ ملک بھر میں محفوظ اور معاون تعلیمی ماحول کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مضبوط بنایا جا سکے۔







