وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ میں نوجوانوں کی فنی تربیت، کاروباری معاونت اور کھیلوں کے فروغ کے لئے جاری حکومتی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ نوجوانوں کا سب سے بڑا سرمایہ ہنر ہے اور نیشنل …
نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل، بجٹ میں نوجوانوں کی فنی تربیت،کاروباری معاونت اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں،وزیر خزانہ محمداورنگزیب

مزید خبریں
اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ میں نوجوانوں کی فنی تربیت، کاروباری معاونت اور کھیلوں کے فروغ کے لئے جاری حکومتی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ نوجوانوں کا سب سے بڑا سرمایہ ہنر ہے اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے ذریعے وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک 5 لاکھ 15 ہزار نوجوانوں کو جدید اور روایتی فنی تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک آزادانہ جائزہ کے مطابق تربیت حاصل کرنے والے 53 فیصد نوجوان روزگار حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام میں آئی ٹی پر مبنی تربیت کے ذریعے خواتین کی معاشی خودمختاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ فری لانسنگ اور ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ہنر کے ساتھ سرمایہ تک رسائی بھی نوجوانوں کی کامیابی کے لئے ضروری ہے۔
اس ضمن میں وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی مالی معاونت کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری 2023 سے اب تک اس اسکیم کے تحت 258 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے گئے ہیں جن سے 5 لاکھ 34 ہزار سے زائد نوجوان مستفید ہوئے۔ بجٹ تقریر میں کھیلوں کے شعبے میں نوجوان ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے اقدامات کا بھی ذکر کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ملک بھر میں 19 مختلف کھیلوں میں باصلاحیت نوجوانوں کی تلاش جاری ہے جبکہ پاکستان سپر لیگ کے ماڈل پر ایک خصوصی ہاکی لیگ کے قیام کا منصوبہ بھی پروگرام کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں تعلیم، ہنر، روزگار، کاروبار اور کھیلوں کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے جس سے قومی ترقی اور معاشی استحکام کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔








