حکومت نے مالی سال 27-2026 کے ترقیاتی بجٹ میں تعلیم، ہنر مندی اور نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانےکیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں،وزیر خزانہ محمداورنگزیب

حکومت نے مالی سال 27-2026 کے ترقیاتی بجٹ میں تعلیم، ہنر مندی اور نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانےکیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں،وزیر خزانہ محمداورنگزیب

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کے ترقیاتی بجٹ میں تعلیم، ہنر مندی اور نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کو ترجیح دیتے ہوئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں تاکہ ملک کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید مہارتوں اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ جمعہ کو بجٹ تقریر میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے تحت معاشرے کے محروم اور پسماندہ طبقات تک معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے دانش سکولز کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جا رہی ہے اور مالی سال 27-2026کے ترقیاتی پروگرام میں دانش اسکولز کے لیے تقریباً 22 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دانش سکولز ملک کے باصلاحیت مگر وسائل سے محروم بچوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کر رہے ہیں اور یہ منصوبہ تعلیمی مساوات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات کے ذریعے ہر بچے کو اس کی معاشی و سماجی حیثیت سے قطع نظر آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ سکول اور کالج کی تعلیم کے شعبے کے لیے مجموعی طور پر 26.3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جن کے ذریعے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، سکولوں میں داخلوں کی شرح میں اضافہ، ابتدائی بچپن کی تعلیم کے فروغ اور ڈیجیٹل لرننگ کے نظام کو وسعت دینے کے منصوبوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نظام کی تشکیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ طلبہ مستقبل کی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں ، انہیں جدید فنی اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ اسی تناظر میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے تحت وزیر اعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے 7.9 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو جدید اور روایتی فنی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں میں دستیاب روزگار کے مواقع سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہنر مند افرادی قوت نہ صرف ملکی معیشت کو مضبوط بنائے گی بلکہ برآمدات اور زرمبادلہ میں اضافے کا بھی ذریعہ بنے گی۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ تعلیم اور ہنر مندی کے شعبوں میں سرمایہ کاری دراصل انسانی وسائل کی ترقی میں سرمایہ کاری ہےجو پائیدار اقتصادی نمو اور سماجی ترقی کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت تعلیمی مواقع میں مساوات، نوجوانوں کی فنی تربیت اور انسانی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔