پوری معاشی ٹیم اسی جذبے اور عزم کے ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی،وزیراعظم محمد شہباز شریف
پوری معاشی ٹیم اسی جذبے اور عزم کے ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی،وزیراعظم محمد شہباز شریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کامیاب بجٹ پیش کرنے پر حکومت کی مالیاتی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پوری معاشی ٹیم اسی جذبے اور عزم کے ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔ موجودہ معاشی حالات میں ایک متوازن، عوام دوست اور ترقی پر مبنی بجٹ کی تیاری پوری ٹیم کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور باہمی تعاون کا نتیجہ ہے۔
جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے بجٹ کی تیاری کے ضمن میں بالخصوص وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اکنامک افئیر ڈویژن احد چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی ، وزیر اعظم کے مشیر سید توقیر شاہ، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال، وزارتِ خزانہ، ایف بی آر، پلاننگ ڈویژن اور متعلقہ اداروں کے افسران و ماہرین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ٹیم نے قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ایک ایسا بجٹ مرتب کیا ہے جو معاشی استحکام، مالیاتی نظم و ضبط، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پوری معاشی ٹیم اسی جذبے اور عزم کے ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔








