وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی یقین دہانی اور کامیاب مذاکرات کے بعد آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جاری اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر کی یقین دہانی پر سرکاری ملازمین کا پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج ختم

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی یقین دہانی اور کامیاب مذاکرات کے بعد آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جاری اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے خود احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اور ملازمین سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے مظاہرین کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ سرکاری ملازمین کے 80 فیصد سے زائد مطالبات منظور کیے جا چکے ہیں۔ وفاقی وزیر کے اس اہم اعلان کے بعد ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مذاکرات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے عہدیداران کے ساتھ گزشتہ روز بھی ایک تفصیلی اور مثبت مذاکراتی نشست ہوئی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ایک حکومتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی تاکہ سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات کو فوری حل کیا جا سکے۔اس اعلیٰ سطحی کمیٹی میں وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ اور وہ خود (طارق فضل چوہدری) شامل تھے۔وفاقی وزیر نے ملازمین کو یقین دلایا کہ موجودہ کٹھن معاشی صورتحال کے باوجود حکومت نے بجٹ میں سرکاری ملازمین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ملازمین کے حقوق کا تحفظ کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور ہم اس ذمہ داری کو ہر صورت پورا کریں گے۔خطاب کے اختتام پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے حکومتی یقین دہانیوں پر اعتماد کرنے اور پرامن طور پر احتجاج ختم کرنے پر آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے تمام عہدیداران اور ملازمین کا شکریہ ادا کیا۔








