چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) ملتان محمد نبیل کھوکھر
محرم الحرام میں ٹریفک کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے،سی ٹی او ملتان

مزید خبریں
ملتان۔ 12 جون (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) ملتان محمد نبیل کھوکھر نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے لیے فول پروف ٹریفک انتظامات یقینی بنائے جائیں گے جبکہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن آڈیٹوریم میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ ٹریفک سٹاف کے بریفنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بریفنگ سیشن میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز قمر رشید، ڈی ایس پی مظہر الاسلام، ایڈمن انسپکٹر محمد موسیٰ خان،ٹریفک وارڈنز اور ٹریفک اسسٹنٹس نے شرکت کی۔سی ٹی او نے ٹریفک سٹاف کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں میں شرکت کے لیے آنے والے شہریوں کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو مقررہ پارکنگ مقامات پر پارک کروایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے لیے ایس او پیز کے مطابق ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی غیر متعلقہ ٹریفک کو جلوسوں کے روٹس پر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تمام افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں تاکہ محرم الحرام کے دوران امن، نظم و ضبط اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔








