پیراگوئے کے ہیڈ کوچ گسٹاوو الفارو نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ میں محض حصہ لینے کے بجائے حریف ٹیموں کو ٹف ٹائم دینے کے لئے پرعزم ہے۔
فیفا ورلڈ کپ مہم کے آغاز پر پیراگوئے کے ہیڈ کوچ گسٹاوو الفارو کا ٹیم کو مسابقتی بنانے کا عزم

مزید خبریں
لاس اینجلس۔12جون (اے پی پی):پیراگوئے کے ہیڈ کوچ گسٹاوو الفارو نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ میں محض حصہ لینے کے بجائے حریف ٹیموں کو ٹف ٹائم دینے کے لئے پرعزم ہے۔
لاس اینجلس سٹیڈیم میں جمعہ کو گروپ ڈی کے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا کے مدمقابل ہونے سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ نے کہا کہ یہ ان کے لئے انتہائی خوشی کا لمحہ ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ان کا ملک طویل عرصے سے اس دن کا منتظر تھا۔ انہوں نے اگست 2024 میں ٹیم کی باگ ڈور سنبھالی تھی اور گرتی ہوئی کوالیفائنگ مہم کو سنبھالتے ہوئے برازیل اور ارجنٹائن جیسی بڑی ٹیموں کو شکست دے کر پیراگوئے کو جنوبی امریکی کوالیفائنگ میں چھٹی پوزیشن کے ساتھ ورلڈ کپ کا ٹکٹ دلایا۔الفارو نے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے والی امریکی ٹیم کی طاقت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ حریف کی صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہیں لیکن ان کی ٹیم ہر میچ میں برابری کی بنیاد پر لڑنے کے لئے تیار ہے۔ برائٹن کے مڈفیلڈر ڈیگو گومز نے بھی ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی ملک کا نام روشن کرنے کے لئے 100 فیصد کارکردگی دکھائیں گے۔ پیراگوئے کی ٹیم 16 سال کے طویل انتظار کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ میں واپس آئی ہے، جہاں اس سے قبل وہ 2010 کے ورلڈ کپ میں کوارٹر فائنل تک پہنچی تھی۔ گروپ ڈی میں پیراگوئے کا مقابلہ امریکا کے علاوہ ترکیہ اور آسٹریلیا سے ہوگا۔








