40 سالہ جامع ماسٹر پلان: ملتان کے سیوریج اور واٹر سپلائی نظام کی بہتری کیلئے اہم پیش رفت

کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت واسا ملتان کے 40 سالہ جامع ماسٹر پلان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا

ملتان۔ 12 جون (اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت واسا ملتان کے 40 سالہ جامع ماسٹر پلان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کے سیوریج اور واٹر سپلائی نظام کی بہتری، مستقبل کی ضروریات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں 25 ارب روپے کے پی ڈی پی منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کے علاوہ ان علاقوں کی ضروریات کا بھی جائزہ لیا گیا جو تاحال سیوریج اور واٹر سپلائی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔شرکاء نے ان علاقوں کیلئے مستقبل کی حکمت عملی اور ترقیاتی منصوبہ بندی پر غور کیا۔اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ عوام کو بہتر سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ 40 سال کی شہری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع پلان تیار کیا گیا ہے تاکہ شہری انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔اجلاس میں بوسیدہ سیوریج اور واٹر سپلائی نیٹ ورک کی تبدیلی، جدید ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے قیام اور گندے پانی کے محفوظ و مؤثر تصرف کیلئے جدید نظام متعارف کرانے کی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر نے کہا کہ جدید ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے قیام سے ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو بہتر ماحول میسر آئے گا۔اجلاس میں شہری ترقی کے منصوبوں میں پائیداری اور مستقبل کی ضروریات کو مقدم رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ جامع ماسٹر پلان سے ملتان کے شہری مسائل کے دیرپا حل کی راہ ہموار ہونے کی توقع ظاہر کی گئی۔اجلاس میں تجاویز کو حتمی شکل دے کر حکومت پنجاب کو ارسال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر رحمان، منیجنگ ڈائریکٹر واسا اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔