ہزارہ یونیورسٹی شعبہ اردو کے زیرِ اہتمام معروف شاعر غلام محمد قاصر کی ادبی خدمات کے اعتراف میں ’’غلام محمد قاصر کانفرنس‘‘ کا انعقاد یونیورسٹی کے جناح ہال میں کیا گیا۔
ہزارہ یونیورسٹی شعبہ اردو کے زیرِ اہتمام مقبول شاعر غلام محمد قاصر کی ادبی خدمات کے اعتراف میں کانفرنس

مزید خبریں
مانسہرہ۔ 12 جون (اے پی پی):ہزارہ یونیورسٹی شعبہ اردو کے زیرِ اہتمام معروف شاعر غلام محمد قاصر کی ادبی خدمات کے اعتراف میں ’’غلام محمد قاصر کانفرنس‘‘ کا انعقاد یونیورسٹی کے جناح ہال میں کیا گیا۔
کانفرنس میں غلام محمد قاصر کے فرزندِ عماد قاصر اور برادر نسبتی خاور احمد اور ملک بھر سے آئے ہوئے پروفیسرز، محققین، شعرا، ادبا اور دانشور خواتین و حضرات نے شرکت کی۔کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان، ڈین فکیلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز پروفیسر ڈاکٹر شاکر اللہ اور چیئرمین شعبہ اردو ڈاکٹر الطاف یوسف زئی نے خطاب کیا۔ مقررین نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے غلام محمد قاصر کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔رئیس الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے شعبہ اردو کی علمی و ادبی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر الطاف یوسف زئی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ شاعر اپنے الفاظ اور اشعار کے ذریعے ہمیشہ زندہ رہتا ہے اور غلام محمد قاصر ہمیشہ اپنے شعروں کی صورت میں زندہ و تابندہ رہیں گے۔ڈین کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر شاکر اللّٰہ نے کہا کہ غلام محمد قاصر نے ایک دور افتادہ قصبے سے اپنی ادبی زندگی کا آغاز کیا اور اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر عالمی سطح پر پہچان حاصل کی۔ چیئرمین شعبہ اردو ڈاکٹر الطاف یوسف زئی نے کانفرنس میں شرکت کرنے اور کانفرنس کے انعقاد میں تعاون کرنے پر رئیس الجامعہ کا شکریہ ادا کیا ۔ کانفرنس کے پہلے سیشن میں غلام محمد قاصر کی شخصیت اور فن پر علمی و ادبی دنیا کے اہم ماہرین خاور احمد، عماد قاصر، ڈاکٹر خالد سہیل اور ڈاکٹر عارفہ شہزاد نے تحقیقی و تنقیدی مقالہ جات پیش کیے اور غلام محمد قاصر کی تخلیقی صلاحیتوں پر بصیرت افروز گفتگو کی۔ کانفرنس کے بعد غلام محمد قاصر کی یاد میں کثیر اللسانی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ مشاعرے کی صدارت سینئر شاعر خاور احمد نے کی اور پشتو زبان و ادب کے معتبر شاعر ڈاکٹر اباسین یوسفزئی مہمانِ خصوصی تھے۔مشاعرے کے مہمانانِ اعزاز بالترتیب ڈاکٹر اسحاق وردگ، ڈاکٹر عارفہ شہزاد ، سید ماجد شاہ اور شہاب صفدر تھے۔ مشاعرے میں پشتو، ہندکو، گوجری اور پنجابی کے شعرا نے اپنے خوبصورت کلام پیش کئے۔







