جنرل الیکشنز 2026، تمام انتخابی درخواستوں کے فیصلے 15 جون کو سنائے جائیں گے، چیف الیکشن کمشنر

الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 89 کے تحت تمام زیر سماعت انتخابی درخواستوں کے فیصلے مقررہ قانونی مدت کے اندر کیے جائیں گے

گلگت۔ 13 جون (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغۂ شجاعت) نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں 7 جون 2026 کو منعقد ہونے والے جنرل الیکشنز صاف، شفاف، پرامن اور غیر جانبدارانہ انداز میں منعقد ہوئے جن کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام آئینی و قانونی تقاضے پورے کیے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 89 کے تحت تمام زیر سماعت انتخابی درخواستوں کے فیصلے مقررہ قانونی مدت کے اندر کیے جائیں گے اور 15 جون 2026 کو تمام کیسز کے فیصلے سنائے جائیں گے۔چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی درخواستوں کی سماعت کے حوالے سے کہا کہ انتخابات کے بعد 8 جون سے مختلف حلقوں کے حوالے سے انتخابی درخواستیں موصول ہونا شروع ہوئیں جن پر الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت سماعت کی جا رہی ہے۔ اب تک 10 انتخابی درخواستوں کی سماعت مکمل کی جا چکی ہے جبکہ باقی درخواستوں کی سماعت بھی مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کی جائے گی۔چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ امیدوار فہد حنیف کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت 14 جون 2026 تک ملتوی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام درخواست گزاروں اور فریقین کے وکلاء کو بھرپور موقع فراہم کیا گیا اور ان کے دلائل انتہائی غور سے سنے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن تمام فیصلے قانون اور دستیاب شواہد کی روشنی میں کرے گا تاکہ ہر حقدار کو اس کا حق مل سکے۔راجہ شہباز خان نے مزید کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا اور بعض قومی میڈیا پلیٹ فارمز پر حقائق کے برعکس تاثر دینے اور انتخابی عمل کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو مناسب طرز عمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی قوانین کے مطابق امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کو فارم-45 فراہم کیے گئے اور انتخابی عمل مکمل شفافیت کے ساتھ انجام پایا۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات لگانے اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے بجائے قانونی فورمز پر شواہد پیش کیے جائیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وہ انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی آئینی و قانونی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں اور کسی بھی دباؤ یا پروپیگنڈے سے متاثر ہوئے بغیر تمام درخواستوں کا فیصلہ میرٹ پر کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام فریقین، وکلاء اور میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن قانون کی بالادستی، شفافیت اور انصاف کے اصولوں کے مطابق اپنے فرائض انجام دیتا رہے گا۔

مزید خبریں