آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 125 ارب روپے زرعی شعبے کے قرضوں کے لیے رکھے گئے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ

وزیر خزانہ: آئندہ بجٹ میں وزیراعظم کے قرض پروگرام کے لیے 262 ارب روپے مختص

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں وزیراعظم کے قرض پروگرام کے لیے 262 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

ہفتہ کو پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ اس رقم میں سے 125 ارب روپے خصوصی طور پر زرعی شعبے کے قرضوں کے لیے رکھے گئے ہیں تاکہ کسانوں کو آسان مالی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ زرعی قرضوں کے لیے فنڈز کی فراہمی کا مقصد کاشتکاروں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ، جدید زرعی طریقوں کے فروغ اور زرعی شعبے کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی معیشت کو مستحکم بنانے اور کسانوں کو درپیش مالی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جس سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ دیہی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کسان دوست پالیسیوں کے ذریعے خوراک کے تحفظ، برآمدات میں اضافے اور پائیدار معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے زرعی شعبے کی بھرپور معاونت جاری رکھے گی۔