گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ماحولیات و تحفظِ ماحول کی ٹیم خام تیل کے پھیلا ئوکے باعث متاثرہ ساحلی علاقے کو روانہ

گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ماحولیات و تحفظِ ماحول کی ٹیم خام تیل کے پھیلا ئوکے باعث متاثرہ ساحلی علاقے کو روانہ

کوئٹہ۔ 13 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے گوادر کے مغربی ساحل پر تقریبا 20 کلومیٹر کے ساحلی علاقے میں خام تیل کے پھیلا ئوکے باعث سمندری ماحول، آبی حیات اور ماہی گیری کے شعبے کو ممکنہ خطرات کی اطلاع ملتے ہی فوری نوٹس لیتے ہوئے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ماحولیات و تحفظِ ماحول کی ٹیم، ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالرحیم بلوچ کی سربراہی میں متاثرہ ساحلی علاقے میں روانہ کردی ۔

اس کے ساتھ ساتھ گوادر میونسپل کمیٹی کی صفائی ٹیموں نے بھی ساحل کی کلیئرنس اور ابتدائی بحالی کے کاموں میں حصہ لیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ساحلی پٹی پر خام تیل کے ذرات جمع ہونے سے نہ صرف سمندری حیات متاثر ہوئی ہے بلکہ مقامی ماہی گیروں کی معاشی سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس دوران کچھ مردہ سمندری کچھوے بھی ساحل پر پائے گئے، جس سے ماحولیاتی تشویش میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ماحولیاتی ٹیم کے مطابق ابتدائی جائزوں میں یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ آلودگی کسی سمندری جہاز سے لیکیج یا خطے میں سمندری راستوں پر پیش آنے والے واقعات کے باعث ہو سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق اور تفصیلی تجزیہ جاری ہے۔

یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تیز مغربی ہوائوں اور سمندری لہروں کے باعث تیل کے ذرات مکران کے ساحل تک پہنچے ہوں۔ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساحلی ماحولیاتی نظام کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں کی فوری صفائی، بحالی اور مزید نقصانات سے بچا کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی بروقت کارروائی کو مقامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جبکہ صورتحال کی مکمل نگرانی جاری ہے تاکہ ماحولیاتی اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔