وزیراعلی بلوچستان کا ورلڈ بلڈ ڈونرز ڈے کے موقع پر پیغام

وزیراعلی بلوچستان کا ورلڈ بلڈ ڈونرز ڈے کے موقع پر پیغام

کوئٹہ۔ 14 جون (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن انسانیت کی خدمت، ایثار اور سماجی ذمہ داری کے جذبے کو اجاگر کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون کا ایک عطیہ کسی انسان کے لیے نئی زندگی اور امید کا پیغام بن سکتا ہے، جبکہ محفوظ اور رضاکارانہ خون کی دستیابی ایک موثر نظامِ صحت کی بنیادی ضرورت ہے۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ حادثات، سرجریوں، زچگی اور مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کی زندگی بروقت خون کی فراہمی سے وابستہ ہوتی ہے، اس لیے معاشرے کے ہر فرد کو رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے کے جذبے کو فروغ دینا چاہیے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت کے شعبے میں تاریخی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز ایئر ایمبولینس سروس دور دراز علاقوں کے مریضوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ایئر ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیے جانے والے مریضوں کی جان بچانے میں محفوظ خون کی دستیابی کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔وزیر اعلی نے رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والے افراد کو انسانیت کے حقیقی محسن قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے نوجوانوں، تعلیمی اداروں اور فلاحی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ خون عطیہ کرنے کے کلچر کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ خون عطیہ کرنے کی روایت کو فروغ دے کر قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں مثر کردار ادا کیا جا سکتا ہے اور یہی انسانیت کی بہترین خدمت ہے۔

مزید خبریں