سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے ڈومیسٹک آپریشنز کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
ریاض ایئر کی جدہ کے لیے ڈومیسٹک پروازیں شروع

مزید خبریں
ریاض۔15جون (اے پی پی):سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے ڈومیسٹک آپریشنز کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اردو نیوز کے مطابق وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ عبدالعزیز الدعیلج، جدہ ایئرپورٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور سی ای او سمیت کئی عہدیدار گزشتہ روز خیرمقدم کے لیے موجود تھے۔
پہلی پرواز جب جدہ ایئر پورٹ پہنچی تو واٹر کینن سے خیر مقدم کیا گیا۔ یہ سنگ میل ریاض ایئر کے نیٹ ورک کی توسیع میں ایک اہم قدم ہے۔ پہلی ڈومیسٹک پرواز ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گزشتہ صبح 9 بجے روانہ ہوئی اور صبح 10 بجکر 50 منٹ پر جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔ ریاض ایئر، جدہ کے لیے 14 جون سے یومیہ 2 پروازیں چلا رہی ہے۔ 18 جون سے یومیہ پروازوں کی تعداد بڑھا کر تین جبکہ دو جولائی سے چار کی جائے گی۔
اس سے قبل ریاض ایئر کی پہلی کمرشل پرواز ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ پہلی باقاعدہ پرواز بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے کے ذریعے شروع کی گئی۔ یہ ایئرلائن کے عملی آغاز کا ایک اہم مرحلہ ہے اور اسے مملکت کے عالمی ہوا بازی کے مرکز بننے کے وژن کی جانب بھی ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔








