مسلم ورلڈ لیگ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور مسلم علما کونسل کے سربراہ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے کہا ہے کہ فکری استثنا یا اخلاقی تحفظ کے بغیر ٹیکنالوجی ، خاص طور سے مصنوعی ذہانت کے خطرات سے نمٹنے میں نوجوانوں کا کردار اہم ہے۔
مصنوعی ذہانت کے خطرات سے نمٹنے میں نوجوانوں کا کردار اہم ہے، منیجنگ ڈائریکٹر مسلم ورلڈ لیگ
مکہ مکرمہ۔15جون (اے پی پی):مسلم ورلڈ لیگ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور مسلم علما کونسل کے سربراہ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے کہا ہے کہ فکری استثنا یا اخلاقی تحفظ کے بغیر ٹیکنالوجی ، خاص طور سے مصنوعی ذہانت کے خطرات سے نمٹنے میں نوجوانوں کا کردار اہم ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں منعقدہ مذہبی رہنماؤں کی تیسری بین الاقوامی کانفرنس میں عالمی امن اور سماجی ہم آہنگی کے مسائل میں مذہبی رہنماؤں کی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیا ۔
انہوں نے فکری استثنا یا اخلاقی تحفظ کے بغیر جدید ٹیکنالوجی، بالخصوص مصنوعی ذہانت کی طرف مکمل کھلے پن کے خطرات سے نمٹنے میں نوجوانوں کے کردار پر زور دیا۔ ڈاکٹر العیسیٰ نے اس کانفرنس میں پیش کیے گئے پروگراموں اور اقدامات کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ ہم عالمی امن سے متعلق مسائل کے حل کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے نوجوانوں پر بھروسہ کرتے ہیں۔ کانفرنس میں سوشل میڈیا اور مصنوعی ذہانت سے وابستہ متعدد خطرات سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے طریقوں پر بحث کی گئی۔
اس کانفرنس میں مختلف مذہبی اور ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھنے والے تقریباً دو ہزار نوجوان مشترکہ اصولوں اور مقاصد کے مطابق بین الاقوامی نوجوانوں کے کام کے خدوخال کو تشکیل دینے کے مشن کی قیادت کر رہے ہیں تاکہ ٹیکنالوجی کی تیز رفتاری کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اخلاقی اور سکیورٹی چیلنجز کے ساتھ ساتھ انتہا پسندی اور تشدد پسند انتہا پسندی کے تصورات سے متعلق دیگر چیلنجز سے نمٹنے میں اپنا حصہ ڈال سکیں جو نوجوانوں کو اپنے اہداف کے ہراول دستے میں رکھتے ہیں۔









