گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے یونان کی سفیرکی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات اور سیاحت کے فروغ پرتبادلہ خیال

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے یونان کی سفیرکی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات اور سیاحت کے فروغ پرتبادلہ خیال

کراچی۔ 16 جون (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے یونان کی سفیر ایلینی پوریشی نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، تجارتی تعائون، ثقافتی روابط اور سیاحت کے فروغ پرتبادلہ خیال کیا۔منگل کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاک۔یونان تجارتی حجم میں اضافے، برآمدات و درآمدات کے فروغ، وفود کے تبادلوں اور مختلف شعبوں میں تعائون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات، چاول، کھیلوں کے سامان اور دیگر برآمدی شعبوں میں وسیع استعداد موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کار سندھ میں موجود بہترین مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اور یونان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعائون کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے،پاک ۔یونان دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے۔

اس موقع پریونان کی سفیر نے سندھ کے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعائون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہارکیا۔گورنر سندھ کی جانب سے یونانی سفیر ایلینی پوریشی کو سندھ کی ثقافت کی عکاسی کرتے روایتی تحائف پیش کیے گئے۔یونان کی سفیر ایلینی پوریشی نے اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔

مزید خبریں