کراچی کی ترقی ملکی بقا ءکی ضامن، 10 ہزار ارب کما کر دینے والے شہر کا انفراسٹرکچر مضبوط بنایا جائے، فرحان چشتی
کراچی کی ترقی ملکی بقا ءکی ضامن، 10 ہزار ارب کما کر دینے والے شہر کا انفراسٹرکچر مضبوط بنایا جائے، فرحان چشتی

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی فرحان چشتی نے کراچی کی معاشی اہمیت کو ملکی معیشت کا ستون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پورے ملک کی بقا ء اور ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جو سالانہ 10ہزار ارب روپے کا ریونیو اور ٹیکس قومی خزانے میں جمع کراتا ہے، ملکی بقا ء اور معاشی استحکام کیلئے اس صنعتی و تجارتی حب کے انفراسٹرکچر کو جدیدکرنا اور اسے اس کے جائز فنڈز فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
منگل کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے فرحان چشتی نے معاشی اصولوں کی روشنی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جو گائے دودھ دیتی ہے اس کی دیکھ بھال اور خوراک کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے تاکہ وہ ملک کو فائدہ پہنچاتی رہے، بالکل اسی طرح کراچی کو فنڈز کی فراہمی دراصل پورے پاکستان کو مضبوط بنانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملکی ترقی کے ثمرات کو پائیدار بنانے کیلئے وفاقی بجٹ میں کراچی کیلئے مختص ساڑھے سات ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ شہر میں روزگار کے مواقع، گیس، بجلی اور سڑکوں کے نظام کو مثالی بنایا جا سکے۔ کراچی کے شہریوں کے لئے پانی کی ناگزیر ضرورت پر بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی نے پینے کے پانی کے دیرینہ منصوبے’’کے فور‘‘ پر سیریس اور عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جو 2014 میں 25 ارب روپے کی لاگت سے شروع ہوا تھا، اب بڑھتی ہوئی لاگت کے باعث 170 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ رواں بجٹ میں ’’کے فور‘‘ کے لئے رکھے گئے 10 ارب روپے کے فنڈز کو ترجیحی بنیادوں پر استعمال میں لایا جائے اور اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ مقامی صنعتیں اور عوام کا نظامِ زندگی بلاتعطل چل سکے اور شہر ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا دگنا کردار ادا کر سکے۔








