سری لنکن ہائی کمشنر کا سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ
سری لنکن ہائی کمشنر کا سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ

مزید خبریں
سیالکوٹ ۔ 16 جون (اے پی پی):سری لنکن ہائی کمشنر نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا ہے۔ منگل کو ترجمان سیالکوٹ ائیرپورٹ کی جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر رئیر ایڈمرل فریڈ سینویراتھینے (ریٹائرڈ) نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین سیال حسن علی بھٹی، وائس چیئرمین سیال وقاص افضل، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین اور سی ای او سیال اے وی ایم تنویر اشرف بھٹی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران سری لنکن ہائی کمشنر اور سیال کی قیادت کے درمیان رسمی اور غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی روابط اور دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے مواقع پر اتفاق کیا گیا۔ سری لنکن ہائی کمشنر کو سیالکوٹ ائیرپورٹ کے آپریشنز، کارگو ہینڈلنگ کی صلاحیتوں اور سیالکوٹ اور کولمبو کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ قائم کرنے کے امکانات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ہائی کمشنر رئیر ایڈمرل فریڈ سینویراتھینے نے سیالکوٹ ائیرپورٹ کے لیے نیک تمناون کا اظہار کرتے ہوئے اسے نجی شعبے کے وژن اور عمل درآمد کا ایک غیر معمولی نمونہ قرار دیا جو دوسروں کے لیے قابل قدر سبق پیش کرتا ہے۔
انہوں نے علاقائی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور بین الاقوامی تجارت اور سفر کو آسان بنانے میں سیالکوٹ ائیر پورٹ کے متحرک کردار کو سراہا۔ ہائی کمشنر نے سیالکوٹ-کولمبو کے براہ راست روٹ کی فزیبلٹی بارے تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم ک اعادہ کیا جو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارتی، سیاحت اور عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنا سکتا ہے۔ یہ دورہ دونوں ملکوں کے لیے تجارت ،ثقافت کو فروغ دینے کے لیے نئے مواقع فراہم کرے گا۔








