این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر کا 16 سے 22 جون تک شمالی علاقے جات میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر کا 16 سے 22 جون تک شمالی علاقے جات میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے 16 سے 22 جون 2026 تک شمالی علاقے جات میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔منگل کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور شمالی خیبرپختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ متوقع ہے۔شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، پتھر اور ملبہ بہہ کر نشیبی علاقوں میں آنے کا خدشہ ہے۔قراقرم ہائی وے سمیت متعدد اہم شاہراہیں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہو سکتی ہیں۔

جگلوٹ، سکردو، شگر، حسینی آباد اور دیگر علاقوں کو حساس زون قرار دیا گیا۔مظفرآباد، کیل، شاردا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرارہیں۔لوئر چترال، لوئر کوہستان، ایبٹ آباد اور لوہار گلی کے علاقوں میں بھی ممکنہ لینڈ سلائیڈ کا خدشہ ہے۔این ای او سی نے 16 سے 19 جون تک پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان آزاد کشمیراور بلوچستان میں ممکنہ سیلابی صورتحال کاالرٹ بھی جاری کر دیا۔پنجاب کے علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ندی نالوں اور نشیبی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور سڑکیں زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں اچانک طغیانی کا خطرہ ہے۔جنوبی خیبرپختونخوا میں دریائے گومل کے اطراف میں اچانک سیلابی ریلے متوقع ہے۔لکی مروت میں دریائے کرم اور دریائے ٹوچی کے اطراف میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت کے نشیبی علاقوں میں زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔سوات، چترال، شانگلہ، مینگورہ اور اپر دیر میں پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔اپر کوہستان، لوئر کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں شدید بارشوں کے باعث اچانک سیلابی ریلے متوقع ہے۔مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ میں برساتی ریلوں اور مقامی سیلاب کا خدشہ ہے ۔گلگت بلتستان کے ضلع غذر، گپس یاسین، دیامر، سکردو، داریل، تانگیر اور گلگت میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

شمال مشرقی بلوچستان میں بھی متوقع بارشوں کے باعث مقامی سطح کی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔پہاڑی ملحقہ علاقوں میں بارشوں سے ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں اچانک طغیانی متوقع ہے۔ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، لورالائی، دکی، شیرانی اور سبی کے اضلاع ممکنہ طور پر متاثر ہو سکتے ہیں۔دریائے ژوب اور اس سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں اچانک اضافہ متوقع ہے۔

دریائے ناری اور گردونواح کے علاقوں میں مقامی فلیش فلڈ کا خطرہ بڑھ گیا۔نشیبی علاقوں زیر آب آنے اوربرساتی نالوں میں پانی کے بہائو میں اضافے کا امکان ہے۔شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ سے بروقت معلومات حاصل کریں۔این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

مزید خبریں