بلاول بھٹو زرداری سے گورنرخیبرپختونخوا اور محمد علی شاہ باچا کی ملاقات

بلاول بھٹو زرداری سے گورنرخیبرپختونخوا اور محمد علی شاہ باچا کی ملاقات

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اورپیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا اور نے ملاقات کی۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن اور سینئر وزیر شرجیل انعام میمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔منگل کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا کے درمیان صوبے کی سیاسی اور تنظیمی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

محمد علی شاہ باچا نے ایبٹ آباد میں یوتھ کنونشن اور مانسہرہ میں عوامی رابطہ مہم کے تحت ہونے والی تقریب کے حوالے سے بلاول بھٹوزرداری کو بریفنگ دی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد میں پارٹی تنظیم کی کارکردگی متاثر کن ہے جبکہ مانسہرہ میں بھی پارٹی تنظیم نے اچھا کام کیا ہے ۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں گندم کی قلت کے بحران بارے آگاہ کیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےخیبرپختونخوا میں گندم بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ہدایت کی کہ جس طرح آپ نےخیبرپختونخوا میں سی این جی کا مسئلہ حل کیا، اسی طرح گندم بحران کے حل میں اپنا کردار ادا کریں اورخیبرپختونخوا کا مقدمہ تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر لڑیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گورنر فیصل کریم کنڈی نےوفاقی بجٹ میں فاٹا اور پاٹا پر عائد ہونے والے ٹیکس سے متعلق بریفنگ دی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فاٹا اور پاٹا کے عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتا رہوں گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا اور گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں قیام امن کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

مزید خبریں