مصنوعی ذہانت (اے آئی)سے متعلق الیکٹرانکس مصنوعات کی مضبوط عالمی طلب کے باعث سنگاپور کی نان آئل ڈومیسٹک ایکسپورٹس میں رواں سال مئی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 38.4 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مصنوعی ذہانت سے منسلک الیکٹرانکس کی مضبوط طلب، سنگاپور کی نان آئل برآمدات میں 38.4 فیصد اضافہ

مزید خبریں
سنگاپور۔17جون (اے پی پی):مصنوعی ذہانت (اے آئی)سے متعلق الیکٹرانکس مصنوعات کی مضبوط عالمی طلب کے باعث سنگاپور کی نان آئل ڈومیسٹک ایکسپورٹس میں رواں سال مئی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 38.4 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
شنہوا کے مطابق بدھ کو جاری سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اپریل میں سنگاپور کی نان آئل برآمدات میں 24.4 فیصد اضافہ ہوا تاہم مئی میں اس شرح میں مزید تیزی دیکھنے میں آئی۔انٹرپرائز سنگاپور کے جاری کردہ بیان کے مطابق الیکٹرانکس سے متعلق نان آئل برآمدات میں مئی کے دوران 94.8 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا جس کی بنیادی وجہ مصنوعی ذہانت سے وابستہ مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب ہے۔
اس کے علاوہ غیر الیکٹرانک نان آئل برآمدات بھی 17.7 فیصد بڑھیں۔رواں سال جنوری سے مئی کے دوران سنگاپور کی مجموعی نان آئل ڈومیسٹک ایکسپورٹس گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 18.1 فیصد زیادہ رہیں۔دوسری جانب نان آئل ری ایکسپورٹس میں بھی مئی کے دوران 33.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اپریل میں یہ شرح 29.6 فیصد تھی۔ اس اضافے میں الیکٹرانکس ری ایکسپورٹس نے اہم کردار ادا کیا جو 47.5 فیصد بڑھیں جبکہ غیر الیکٹرانک ری ایکسپورٹس میں 14.4 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مئی میں سنگاپور کی مجموعی تجارتی سرگرمیوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی، جہاں مجموعی تجارتی حجم 39.7 فیصد بڑھا، جبکہ اپریل میں اس کی شرح 33 فیصد تھی۔ اس عرصے کے دوران برآمدات اور درآمدات دونوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔








