الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال مستحق مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرکے انسانیت کی عظیم خدمت انجام دے رہا ہے، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کی خدمات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ ملک بھر بالخصوص دور دراز علاقوں کے مستحق مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرکے انسانیت کی عظیم خدمت انجام دے رہا ہے

راولپنڈی۔17جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کی خدمات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ ملک بھر بالخصوص دور دراز علاقوں کے مستحق مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرکے انسانیت کی عظیم خدمت انجام دے رہا ہے۔ گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو الشفاء ٹرسٹ کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر الشفاء ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان، چیف آف میڈیکل سروسز، ڈین و سربراہ شعبہ قرنیہ پروفیسر ڈاکٹر واجد علی خان، ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر خالد یزدانی شاہ اور ہیڈ آف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن راجہ صبیح شمیم ستی نے گورنر خیبرپختونخوا اور وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن، چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی فرزند وزیر اور سیکرٹری پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی خیبرپختونخوا عابد مروت بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران گورنر خیبرپختونخوا اور وفد کو الشفاء ٹرسٹ کی جانب سے ادارے کی خدمات، جدید طبی سہولیات اور شعبہ چشم میں تحقیق و علاج کے مختلف پروگراموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد نے آئوٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) کا دورہ کیا جہاں مریضوں کے ابتدائی معائنے اور تشخیصی ٹیسٹ کیے جاتے ہیں اور بعد ازاں انہیں متعلقہ خصوصی شعبوں میں ریفر کیا جاتا ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے چلڈرن آئی ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور بچوں کی بینائی سے متعلق امراض کے علاج اور جدید سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ ادارہ بچوں میں آنکھوں کی بیماریوں بشمول ایمبلیوپیا ، بھینگا پن، ریٹینوبلاسٹوما، ریٹینوپیتھی آف پری میچیورٹی، بچوں کے موتیے، گلوکوما، آنکھوں کے زخموں اور موروثی امراض کے علاج کے لیے خصوصی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ الشفاء ٹرسٹ خطے کا واحد ادارہ ہے جو قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں میں بینائی کے نقصان کا باعث بننے والی بیماری کی فوری سکریننگ اور علاج کی سہولت فراہم کر رہا ہے جس سے بچپن کے اندھے پن کی روک تھام میں نمایاں مدد مل رہی ہے۔ وفد نے جنرل آپتھلمولوجی، قرنیہ ، ریٹینا، گلوکوما، آپتھلمک جینیٹکس اور سینٹر فار آئی کینسر سمیت مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی عالمی معیار کی طبی سہولیات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آنکھوں کے امراض کے علاج اور بچپن کے اندھے پن کی روک تھام کے لیے الشفاء ٹرسٹ کا کردار نہایت اہم اور قابل تقلید ہے۔ اس موقع پر پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں الشفاء آئی ٹرسٹ کے زیر اہتمام ہسپتالوں کے قیام اور خیبرپختونخوا کے مریضوں کو ہلال احمرخیبرپختونخوا کے تعاون سے علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔