صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کا کردار نہایت اہم ہے،سیکرٹری مواصلات و تعمیرات

سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بلوچستان بابر خان نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کا کردار نہایت اہم ہے۔ صوبے میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور پائیدار ترقی کا انحصار محکمہ کی مؤثر کارکردگی پر ہ

کوئٹہ۔ 17 جون (اے پی پی):سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بلوچستان بابر خان نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کا کردار نہایت اہم ہے۔ صوبے میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور پائیدار ترقی کا انحصار محکمہ کی مؤثر کارکردگی پر ہے۔ اگر اس کارکردگی میں سستی یا کوتاہی ہو تو صوبے کی ترقی کا پہیہ جام ہو جائے گا، جو کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں جاری اسٹریٹجک منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام چھ زونز کے چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ضلعی ایگزیکٹو انجینئرز نے بذریعہ زوم شرکت کی۔اجلاس کے دوران مختلف اضلاع کے انجینئرز نے اپنے اپنے علاقوں میں جاری اسٹریٹجک منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور منصوبوں کو درپیش مالی و تکنیکی مسائل سے آگاہ کیا۔ بابر خان نے ہدایت کی کہ اہم نوعیت کے منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کم اور چیلنجز زیادہ ہیں، لہٰذا تمام انجینئرز اس بات کو یقینی بنائیں کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل محکمہ کی اولین ترجیح رہے۔انہوں نے مزید ہدایت دی کہ منصوبوں کو درپیش تمام تکنیکی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے تمام ایگزیکٹو انجینئرز (بلڈنگز) کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت کے اندر ان منصوبوں کی تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر متعلقہ حکام کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے چیف انجینئرز اور سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ خود منصوبوں کا باقاعدگی سے دورہ کریں اور ہر دو ہفتے بعد پیش رفت رپورٹ ارسال کریں۔انہوں نے کہا کہ ان رپورٹس میں تکنیکی مسائل کی نشاندہی بھی شامل کی جائے تاکہ منصوبوں کی رفتار متاثر نہ ہو اور کام بلا تعطل جاری رہے۔