ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کامیڈیکل ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گوجرانوالہ میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی اور دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا

گوجرانوالہ۔ 17 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گوجرانوالہ میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی اور دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری چیک کی۔ڈپٹی کمشنر نے زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرتے ہوئے علاج معالجے کی سہولیات، ادویات کی دستیابی، طبی عملے کے رویے اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی، ڈاکٹرز کے باقاعدہ وزٹس اور نرسنگ اسٹاف کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا ان کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت، لاپرواہی یا مریضوں سے نامناسب رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بروقت اور بہترین طبی خدمات میسر آسکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں، وارڈز میں غیر ضروری رش سے اجتناب کریں اور صفائی ستھرائی کے اصولوں کی پابندی کریں تاکہ مریضوں کے علاج اور صحت یابی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے