ڈی آئی جی پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بین المذاہب ہم آہنگی اور سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا
ڈی آئی جی پولیس ہزارہ کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 17 جون (اے پی پی):ڈی آئی جی پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بین المذاہب ہم آہنگی اور سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال، جلوسوں اور مجالس کے سیکیورٹی انتظامات، بین المسالک ہم آہنگی اور عوامی تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اجلاس میں ڈی پی او ہری پور، ڈی پی او مانسہرہ، ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد محمد اشتیاق خان، تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین اور اہلِ تشیع اکابرین نے شرکت کی۔شرکا نے محرم الحرام کے دوران امن و بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ پولیس نے محرم الحرام کے تمام سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور علاقے کو پرامن اور محفوظ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں قیامِ امن ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، مشائخِ عظام اور مذہبی رہنما معاشرے میں اتحاد، اخوت اور رواداری کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ کسی بھی شرپسند عنصر کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی خراب کرنے کا موقع نہ مل سکے۔ڈی آئی جی ہزارہ نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ جمعۃ المبارک کے خطبات اور دیگر مذہبی اجتماعات میں امن، بھائی چارے، برداشت، اتحادِ امت اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کریں اور عوام میں صبر و تحمل اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے آگاہی پیدا کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ فرقہ واریت، اشتعال انگیز تقاریر اور انتشار پسندی کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سوشل میڈیا سمیت کسی بھی پلیٹ فارم پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر یا شیئرنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔اجلاس کے شرکاء نے ڈی آئی جی ہزارہ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اور مذہبی رواداری کو برقرار رکھنے کے لیے تمام طبقات اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔اجلاس کے اختتام پر پاکستان کی بقا و سلامتی اور قیامِ امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔








