ملک میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجودہیں، جرمن کمپنیوں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرناچاہیے،وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ کی جرمنی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجودہیں اورجرمن کمپنیوں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرناچاہیے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں جرمنی کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجودہیں اورجرمن کمپنیوں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرناچاہیے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں جرمنی کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا،وفد کی قیادت جرمن ایس ایم ای کی نمائندہ میتھیو شا کر رہی تھیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں ، جرمن کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے دونوں فریقوں کوفائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے پاکستانی کاروباری اداروں کو یورپ تک رسائی دینے کی اہمیت پربھی روشنی ڈالی ۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ حکومت نے کاروباراورسرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگارپالیسیاں مرتب کی ہے جبکہ ریگولیٹری اصلاحات کاسلسلہ بھی جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی نوجوان باصلاحیت ہیں ،60 فیصد یوتھ آبادی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ ان کے حقیقی استعدادسے فائدہ اٹھایاجاسکے۔ملاقات میں جرمن، سوئس اور آسٹرین مشینری کی فراہمی اور ایس ایم ایز کے لیے مالی سہولتوں پر گفتگوہوئی۔اس کے علاوہ پاکستان میں ووکیشنل ٹریننگ ادارے قائم کرنے اور ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے پر بھی غورہوا۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی نوجوانوں کیلئے جرمنی میں روزگار کے مواقع سے ترسیلات زر میں اضافہ ممکن ہوسکے گا۔ ملاقات میں پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا عمل کو آسان بنانے کی ضرورت پر زوردیاگیا۔ وفاقی وزیرنے سرمایہ کاروں کو مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ بورڈ آف انویسٹمنٹ عالمی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں پرعزم ہے ۔ملاقات میں پاکستان کی مصنوعات اور مہارت کو یورپی منڈیوں سے جوڑنے کی ضرورت پر اتفاق کیاگیا ۔

مزید خبریں