وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ نئے اسلامی سال کا آغاز ہمیں احتسابِ نفس، اتحادِ امت اور اسلامی اقدار سے وابستگی کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتاہے
یکم محرم شہادت امیرالمومنین حضرت عمر فاروقؓ کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا خصوصی پیغام

مزید خبریں
پشاور۔ 17 جون (اے پی پی):پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ نئے اسلامی سال کا آغاز ہمیں احتسابِ نفس، اتحادِ امت اور اسلامی اقدار سے وابستگی کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یکم محرم و شہادت حضرت عمر فاروقؓ کے حوالے سے خصوصی پیغام میں کیا۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ دعا ہے کہ نیا اسلامی سال پاکستان، خیبرپختونخوا اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ایثار، قربانی، عدل اور حق کے لیے جدوجہد کے عظیم اسباق اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کا طرزِ حکمرانی رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ نے قرآن و سنت کی روشنی میں عدل و انصاف پر مبنی مثالی نظامِ حکومت قائم کیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کی حکمت، بصیرت اور عظیم فتوحات تاریخِ اسلام کا سنہری باب ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کا دورِ خلافت عدل، انصاف، فتوحات اور غلبۂ اسلام سے عبارت ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ نے عام اور خاص کے درمیان فرق مٹا کر مساوات کو فروغ دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کامیاب فلاحی ریاست بنانے کے لیے حضرت عمر فاروقؓ کے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی، میرٹ اور احتساب ہی مضبوط اور خوشحال ریاست کی بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ایسی ریاست کا قیام ہے جہاں خواص اور عوام سب قانون کے سامنے یکساں جوابدہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ یکم محرم ہمیں حضرت عمر فاروقؓ کی عظیم قربانیوں، عدل و انصاف اور خدمتِ خلق کے سنہری اصولوں کی یاد دلاتا ہے۔








