ڈپٹی کمشنر بہاول پور سید حسن رضا کی زیر صدارت ضلع بھر میں مختلف محکموں کی کارکردگی، عوامی سہولیات کی فراہمی اور جاری انتظامی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
ڈپٹی کمشنر بہاولپور کی زیر صدارت ضلع بھر میں مختلف محکموں کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس

مزید خبریں
بہاول پور۔ 17 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاول پور سید حسن رضا کی زیر صدارت ضلع بھر میں مختلف محکموں کی کارکردگی، عوامی سہولیات کی فراہمی اور جاری انتظامی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور حکومتی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں ماہ کے دوران ضلع بھر میں 5 ہزار 123 سے زائد آوارہ کتوں کی تلفی کی جا چکی ہے جس سے شہریوں کو ممکنہ خطرات اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی۔ اسی طرح شہریوں کے تحفظ کے لیے گزشتہ سال سے اب تک 2 ہزار 909 سے زائد مین ہول کورز نصب کیے جا چکے ہیں جبکہ مختلف مقامات پر 155 سیفٹی نیٹس بھی لگائی جا چکی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مین ہولز پر سیفٹی نیٹس کی تنصیب سے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے گا اور حادثات کے امکانات میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ مقامات پر بھی حفاظتی اقدامات جلد مکمل کیے جائیں۔اجلاس میں مہنگائی پر قابو پانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو ہر صورت قابو میں رکھا جائے اور ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے ضلع بھر کے پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی اور کہا کہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق جاری "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت صفائی ستھرائی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہروں اور دیہی علاقوں میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری لائی جائے۔اس موقع پر ریونیو معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیر التوا ریونیو کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد نمٹایا جائے تاکہ سائلین کو بروقت انصاف اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عائشہ خان، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر حمزہ احتشام، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر عظیم ذیشان سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو باہمی رابطہ مزید مضبوط بنانے اور عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔








