محرم الحرام کے دوران تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور جلوسوں و مجالس کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں، شعیب مرزا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر معاونِ خصوصی برائے انسپیکشن ٹیم شعیب مرزا نے ضلع سرگودھا کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی

سرگودھا۔ 17 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر معاونِ خصوصی برائے انسپیکشن ٹیم شعیب مرزا نے ضلع سرگودھا کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی محکموں کے سربراہان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاونِ خصوصی شعیب مرزا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور جلوسوں و مجالس کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام جلوسوں کے روٹس،مجالس اور حساس مقامات کی مکمل میپنگ کی جائے اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ محرم روٹس پر صفائی ستھرائی، نکاسی آب، سٹریٹ لائٹس اور دیگر سہولیات کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شعیب مرزا نے کہا کہ وال چاکنگ، اشتعال انگیز مواد اور نفرت انگیز سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے جبکہ سرچ اور کومبنگ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران مختلف اوقات میں اچانک دورے کر کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر سبیلوں، ٹھنڈے پانی، موبائل ٹائلٹس اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل ٹریفک پلان کی بھرپور تشہیر کی جائے اور نماز جمعہ و جلوسوں کے اوقات میں ہم آہنگی پیدا کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر بریفنگ میں بتایا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کے انتظامات سو فیصد مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پاک فوج کی دو جبکہ رینجرز کی ایک کمپنی 6 محرم سے سکیورٹی فرائض انجام دے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کے علاوہ جلوسوں کے روٹس پر 380 اضافی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ نگرانی کے لیے تین کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں جن میں سیف سٹی کنٹرول روم، ڈپٹی کمشنر آفس اور ڈی پی او آفس کے کنٹرول روم شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں عاشورہ محرم کے دوران مجموعی طور پر 659 عزاداری جلوس اور 2404 مجالس منعقد ہوں گی جبکہ تمام اے کیٹیگری جلوسوں اور مجالس کی آڈیو و ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جائے گی۔ بعد ازاں معاونِ خصوصی شعیب مرزا نے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری اور ڈی پی او صہیب اشرف کے ہمراہ ڈی سی آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے انتظامات، مجالس و جلوسوں کی مانیٹرنگ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کاری کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔