سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی (سی پی او) سید خالد محمود ہمدانی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے بتایا
محرم الحرام، راولپنڈی پولیس کے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل، 7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات

مزید خبریں
راولپنڈی۔17جون (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی (سی پی او) سید خالد محمود ہمدانی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے بتایا کہ مجموعی طور پر 475 جلوس اور 2201 مجالس منعقد ہوں گی جن کے لیے جامع اور مؤثر سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فرائض کی انجام دہی کے لیے 7 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 1100 سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔سی پی او کے مطابق خواتین کی مجالس اور جلوسوں میں لیڈیز پولیس اہلکار بھی سیکیورٹی اور ٹریفک کے فرائض انجام دیں گی جبکہ ایک ہزار سے زائد رضاکار پولیس کے ساتھ معاونت کریں گے جنہیں پولیس ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیف سٹی راولپنڈی میں خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں سے جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات کی نگرانی سیف سٹی اور دیگر کیمروں کے ذریعے بھی کی جائے گی۔سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کا کہنا تھا کہ باڈی سرچ کے بغیر کسی شخص کو مجلس یا جلوس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ امام بارگاہوں کے قریب پارکنگ پر بھی پابندی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس سے ملحقہ گلیوں اور سڑکوں کو بھی ضرورت کے مطابق سیل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور مذہبی و مسلکی منافرت یا اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔








