ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران خان نے رات گئےایمرجنسی آپریشن تھیٹر، ایمرجنسی ٹرائیج، میڈیکل ریسس اور سرجیکل ریسس کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا
ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران خان کا ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا رات گئے اچانک دورہ، طبی سہولیات کاجائزہ

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 20 جون (اے پی پی):ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران خان نے رات گئےایمرجنسی آپریشن تھیٹر، ایمرجنسی ٹرائیج، میڈیکل ریسس اور سرجیکل ریسس کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران میڈیکل ڈائریکٹر نے ڈیوٹی پر موجود طبی عملہ جن میں پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹس،اینستھیزیا اسٹاف اور آپریشن تھیٹر ٹیکنیشنز شامل تھے کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مشکل اور دباؤ والے حالات میں سرجیکل ٹیم کی جانب سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لگن کی تعریف کی۔میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران خان نے دورے کے دوران ان امور کا بھی براہ راست مشاہدہ کیا جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے اور یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کے حل کے لیے ذاتی طور پر اقدامات کی نگرانی کریں گے۔انہوں نے ایمرجنسی ٹرائیج میں ڈیوٹی پر موجود میڈیکل آفیسرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ایمرجنسی گائیڈ لائنز مینوئل کے مطابق مریضوں کے علاج اور منتقلی کے طریقہ کار کا خود معائنہ کیا۔میڈیکل ڈائریکٹر نے ہدایت کی کہ مریضوں کی ترجیحی بنیادوں پر درجہ بندی اور ان کی حالت کی سنگینی کے مطابق بروقت متعلقہ شعبوں میں ریفرل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے اعلاناتی نظام کو بھی مؤثر اور باقاعدہ استعمال میں لایا جائے تاکہ مریضوں اور عملے کے مابین رابطے کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔دورے کے دوران آن ڈیوٹی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شیر ایوب بھی میڈیکل ڈائریکٹر کے ہمراہ موجود تھے۔میڈیکل ڈائریکٹر نے مجموعی طور پر میڈیکل اور کارڈیالوجی کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کی پروٹوکول سے آگاہی پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرجیکل پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کو ان کے سینئرز کی جانب سے سب اسپیشلٹی مشاورت سے متعلق پروٹوکول کے بارے میں مزید رہنمائی فراہم کی جائے۔








