پاکستان نے ہمیشہ مظلوم بے گھر افراد کی مدد کر کے میزبانی کی روشن مثال قائم کی ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ مظلوم بے گھر افراد کی مدد کر کے میزبانی کی روشن مثال قائم کی ہے، مہاجرین انسانیت کا مشترکہ مسئلہ ہیں

سیالکوٹ۔ 20 جون (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ مظلوم بے گھر افراد کی مدد کر کے میزبانی کی روشن مثال قائم کی ہے، مہاجرین انسانیت کا مشترکہ مسئلہ ہیں ، ان کا تحفظ،بحالی،بنیادی حقوق کی فراہمی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار عالمی یومِ مہاجرین کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جنگوں، تنازعات، قدرتی آفات دیگر ناگزیر حالات کے باعث لاکھوں افراد اپنے گھروں سے بے دخل ہو کر کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، ایسے میں ان کے ساتھ ہمدردی تعاون کا جذبہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ مہاجرین ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقات کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج انسانیت، ہمدردی یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت ہےاور مہاجرین کی تعلیم، صحت روزگار کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ عالمی اداروں کو مہاجرین کے مسائل کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے مزید موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی یومِ مہاجرین کا پیغام محبت، برداشت، باہمی احترام اور انسانی اقدار کے فروغ کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انسانی خدمت اور فلاح کے لیے ہر سطح پر کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ متاثرہ افراد کو بہتر اور باوقار زندگی میسر آ سکے۔