لاہور ہائیکورٹ ، لاہور ریجن کے زونز کی تعداد بڑھا نے کیخلاف درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے لاہور ریجن کے زونز کی تعداد3 سے بڑھا کر5 کرنے کے اقدام کیخلاف دائر درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیں

لاہور۔20جون (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے لاہور ریجن کے زونز کی تعداد3 سے بڑھا کر 5 کرنے کے اقدام کیخلاف دائر درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیں،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے شیراز عبداللہ سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواستوں پر پانچ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا،جس میں قرار دیا گیا کہ درخواست گزار متعلقہ فورم سے رجوع کئے بغیر عدالت آئے،اس لیے درخواستیں قابل سماعت نہیں ہیں،درخواست گزاروں کی جانب سے صدر لاہور ہائیکورٹ بار بابر مرتضی نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پی سی بی نے لاہور ریجن میں زونز کی تعداد3 سے بڑھا کر5 کر دی اور اس سلسلے میں انتخابات کے انعقاد کا نوٹیفکیشن جاری کیا،ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی سے منسلک کلبوں کے انتخابات ہر چھ سال بعد کرانا لازم ہیں،تاہم زونز میں اضافے کے باوجود ووٹر لسٹیں اپ ڈیٹ نہیں کی گئیں اور2019 کی ووٹر لسٹوں کی بنیاد پر پانچ زونل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے انتخابات کرائے جا رہے ہیں،درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ زونز میں اضافے کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے،دوسری جانب پی سی بی کے وکیل بیرسٹر ردا حسین نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزاروں کیلئے ایڈجیوڈیکٹر کا متعلقہ فورم موجود تھا اور وہ پہلے وہاں رجوع کر سکتے تھے،ان کے مطابق زونز کی نئی حد بندی کی منظوری بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں دی گئی اور تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے،مزید یہ کہ کلبوں کی شکایات کے ازالے کیلئے پی سی بی کے پاس مکمل طریقہ کار موجود ہے،عدالت نے فریقین کے دلائل اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ درخواست گزاروں نے دستیاب قانونی فورم سے رجوع کئے بغیر عدالت سے رجوع کیا،لہذا درخواستیں ناقابل سماعت ہیں اور مسترد کی جاتی ہیں۔

مزید خبریں