ہنرمند نوجوان معاشی ترقی کیلئے کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں،سید یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج کے دور میں ہنر لازم و ملزوم ہے،ہنر مند افراد عالمی معاشی کامیابیوں کے اصل محرک ہیں

ملتان۔ 20 جون (اے پی پی):چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج کے دور میں ہنر لازم و ملزوم ہے،ہنر مند افراد عالمی معاشی کامیابیوں کے اصل محرک ہیں،ہنرمند نوجوان معاشی ترقی کیلئے کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں،تعلیمی ڈگریوں کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ عملی مہارت بھی ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکیا ۔چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ آج میں جنوبی پنجاب کے اس پسماندہ خطے سے تعلق رکھنے والے پاس آوٹ ہنر مند طلبہ و طالبات کے کانوکیشن میں شریک ہوں،پیشہ ورانہ زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کرنے والے گریجویٹس سمیت ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

انہوں نے زور دیا کہ جدید دنیا میں روزگار کے حصول اور کامیابی کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر کا حصول بھی ضروری ہے،ایک گریجویٹ کو کسی عملی مہارت کے بغیر قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے ۔انہوں نے پاس آوٹ ہونے والے طلبا وطالبات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا نئے گریجویسٹس معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔پاکستانی نوجوانوں کے لیے اقتصادی مواقعوں پر روشنی ڈالتے ہوئےانہوں نے کہا کہ سیاحت، ثقافت ، ہوابازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں نوجوان نسل کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھرپور ثقافتی و تاریخی ورثہ رکھتا ہے،پاکستان تہذیب وتمدن ،ثقافت اور کھانوں کی اپنی ہی الگ پہچان ہے ،پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے،یہاں بہت سے مقامات اور جگہیں ایسی ہیں جو دنیا نے ابھی نہیں دیکھیں،ایسے مقامات کی سیاحت میں قیادت نوجوان نسل کو ترقی کے مضبوط امکانات فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں بہت سے ملک ایسے ہیں جن کے پاس وسائل نہیں ہیں

اور وہ سیاحت پر زندہ ہیں،نوجوان نسل پاکستان میں سیاحتی شعبہ میں آگے آ کر ملکی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے،تیزی سے ترقی کے لیئے ہنر مند لوگوں کا ہونا بہت ضروری ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ گزشتہ دنوں میری اٹلی کے سفیر سے ملاقات ہوئی ،اٹلی کی سفیر نے مجھ سے کہاکہ وہ ساڑھے دس ہزار ہنر مند پاکستانیوں کو ملا زمتیں دینے کو تیار ہیں جبکہ یورپ، امریکہ اور دیگر خطوں کے ممالک بھی ہنر مند پاکستانیوں کی تلاش کر رہے ہیں اور یہ تربیت یافتہ پاکستانی افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی مانگ کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا کو ہنر مند افراد کی ضرورت ہے ،جس کی وجہ سے پیشہ ورانہ تعلیم تیزی سے اہم ہو رہی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے تعلیمی اداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بی آئی ایس پی ،بیت المال سمیت دیگر سرکاری و فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر ہنر مندی کی ترقی اور پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ دیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ملک کے اندر اور بیرون ملک روزگار کے مواقعوں سے مستفید ہو سکیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے بین الاقوامی سطح پر امن کیلئے کوششوں اور سفارت کاری کو فروغ دینے میں پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی، خاص طور پر انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی اور ثالثی کو کم کرنے بارے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سفارت کاری نے پاکستان کی عالمی حیثیت کو بڑھایا ہے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان نے ایک الگ پہچان حاصل کی ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو مضبوط بنانے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سول اور عسکری قیادت دونوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سول و عسکری قیادت کے مثبت کردار سے بین الاقوامی برادری میں پاکستان کے قد کو بلند کرنے میں مدد ملی ہے۔ پاکستان کے بہتر مستقبل کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ روشن دن آنے والے ہیں اور اب مایوسی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو سراہتے ہوئے اسے حکومت کی جانب سے ایک مثبت اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس سے عوام کو ریلیف ملے گا اور معاشی سرگرمیوں میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ہمارے نوجوان ایک خوشحال و ترقی پسند قوم کی تشکیل میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔قبل ازیں کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے سی ای او احمد شفیق اور کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر وقاص رضا نے بھی کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کیا۔انہوں نے سیاحت، مہمان نوازی اور خدمات کے شعبوں کے لیے ہنر مند پیشہ ور افراد پیدا کرنے میں ادارے کے کردار پر روشنی ڈالی اور ابھرتی ہوئی عالمی افرادی قوت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہنر مندی پر مبنی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب کا اختتام فارغ التحصیل طلباء میں ڈگریوں اور انعامات تقسیم کئے گئے۔

مزید خبریں