کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے، دیہی خواتین کو بااختیار بنانے اور برآمدات میں اضافے کیلئے حکومت کو وزیراعلی مریم نواز شریف کے خصوصی اقدام کے تحت شی ویوز کے نام سے جامع تربیتی اسکیم متعارف کرانی چاہیے
دیہی خواتین ”شی ویوز ”اسکیم کے تمام مراحل میں جدید ،معیاری فنی تربیت حاصل کریں گی،چیئر پرسن سی ٹی آئی اعجاز الرحمان

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے، دیہی خواتین کو بااختیار بنانے اور برآمدات میں اضافے کیلئے حکومت کو وزیراعلی مریم نواز شریف کے خصوصی اقدام کے تحت شی ویوز کے نام سے جامع تربیتی اسکیم متعارف کرانی چاہیے،یہ منصوبہ ہزاروں دیہی خواتین کو ہنر مند بنا کر انہیں باعزت روزگار اور خود کفالت کے مواقع فراہم کر سکتا ہے جبکہ اس سے ہاتھ سے بنے قالینوںکی روایتی صنعت کو بھی بھرپور تقویت ملے گی ۔ان خیالات کااظہارا نہوں نے اتوار کو ہاتھ سے بنے قالینوں کے شعبے سے وابستہ صنعتکاروں اور برآمد کنندگان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ مجوزہ پروگرام کو پنجاب ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی کامیاب اسکیم شی تھریڈزکی طرز پر تشکیل دیا جا سکتا ہے جس کے تحت دیہی خواتین کو ہاتھ سے بنے قالینوںکی تیاری کے تمام مراحل میں جدید اور معیاری فنی تربیت کی فراہمی ممکن ہو گی ۔اعجاز الرحمان نے کہا کہ پاکستان بالخصوص پنجاب میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی ترقی اور برآمدات میں دیہی خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے شی ویوز پروگرام کی کامیابی کے امکانات انتہائی روشن ہیں۔ یہ منصوبہ وزیراعلی پنجاب کے خواتین کو معاشی طور پر خودمختار اور فنی طور پر باصلاحیت بنانے کے وژن کی حقیقی تعبیر ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے ایک مضبوط، تربیت یافتہ اور ہنر مند خواتین کی افرادی قوت تیار ہوگی جو نہ صرف اپنی آمدنی میں اضافہ کرے گی بلکہ ملکی معیشت اور قالینوں کی برآمدی صنعت کو بھی مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔چیئرمین کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجا الرحمان نے امید ظاہر کی کہ پنجاب حکومت اس تجویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اس پروگرام کی منصوبہ بندی، نصاب سازی، تربیت، عملدرآمد اور نگرانی کے مراحل میں حکومت کو ہر ممکن تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔








