ایس پی ٹریفک مانسہرہ جہانزیب خان نے اوگی کا دورہ کر کے اوگی بازار میں ٹریفک کے مسائل، تجاوزات، غلط اور اضافی پارکنگ کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں و دیگر درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔
ایس پی ٹریفک مانسہرہ کا اوگی کا دورہ، ٹریفک کے مسائل، تجاوزات و دیگر مسائل کا جائزہ لیا

مزید خبریں
مانسہرہ۔ 21 جون (اے پی پی):ایس پی ٹریفک مانسہرہ جہانزیب خان نے اوگی کا دورہ کر کے اوگی بازار میں ٹریفک کے مسائل، تجاوزات، غلط اور اضافی پارکنگ کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں و دیگر درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ اتوار کو مانسہرہ پولیس کے مطابق دورے کے موقع پر انہوں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں ڈیوٹی کے دوران بہترین کارکردگی، عوام سے خوش اخلاقی، پہلے سلام پھر کلام پالیسی پر عمل درآمد اور ٹریفک کی روانی کو ہر صورت برقرار رکھنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ تجاوزات کے خاتمے، پارکنگ کے بہتر انتظام، ٹریفک قوانین پر موثر عمل درآمد اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ایس پی ٹریفک جہانزیب خان نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا اولین مقصد عوام کی خدمت، محفوظ سفری ماحول کی فراہمی اور سڑکوں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ دورانِ ڈیوٹی صبر، برداشت، پیشہ وارانہ مہارت اور خوش اخلاقی کا مظاہرہ کریں اور شہریوں کے ساتھ احترام اور شائستگی سے پیش آئیں۔








