ایل جی ایچ میں کالا موتیا کے جدید ترین لیزر علاج کی سہولت کا افتتاح کر دیا گیا

لاہور جنرل ہسپتال (ایل جی ایچ) میں کالا موتیا یعنی گلوکوما کے جدید ترین لیزر علاج کی سہولت کا افتتاح کر دیا گیا

لاہور۔21جون (اے پی پی):لاہور جنرل ہسپتال (ایل جی ایچ) میں کالا موتیا یعنی گلوکوما کے جدید ترین لیزر علاج کی سہولت کا افتتاح کر دیا گیا۔ اتوار کو پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے ایک تقریب میں اس سہولت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ مخیر حضرات نے ہسپتال کے شعبہ امراضِ چشم کو دو جدید لیزر مشینیں عطیہ کی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے مخیر حضرات معاشرے کا حقیقی اثاثہ ہیں۔ان کے تعاون سے مریضوں کو اب عالمی معیار کا علاج میسر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ماڈرن ٹیکنالوجی کی بدولت نہ صرف مریضوں کا علاج کیا جائے گا بلکہ نوجوان ڈاکٹروں کو لیول فور کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ ملک بھر میں گلوکوما کے مریضوں کو بہترین طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔شعبہ امراض چشم کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طیبہ گل ملک نے بتایا کہ کالا موتیا کی 100 سے زائد اقسام ہیں۔روایتی طور پر مریضوں کو مہنگے آئی ڈراپس طویل عرصے تک استعمال کرنے پڑتے تھے مگر اب ان جدید لیزر مشینوں کی بدولت مریضوں کو ڈراپس کے مسلسل استعمال سے نجات مل جائے گی اور بینائی کو محفوظ بنانا ممکن ہو گا۔انہوں نے کالا موتیا کو بینائی کا خاموش چور قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ابتدائی مراحل میں اس کی علامات واضح نہیں ہوتیں اس لیے بروقت تشخیص بہت ضروری ہے۔پروفیسر طیبہ گل ملک کے مطابق گلوکوما کی اہم علامات میں سر میں مسلسل درد یا بھاری پن،آنکھوں میں درد یا دبائو کا احساس،نظر کا دھندلا ہونا، سائیڈ ویژن کا کم ہونا اور روشنی کے گرد رنگین حلقے یعنیHalos نظر آنا شامل ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ40 سال سے زائد عمر کے افراد خصوصا جن کے خاندان میں گلوکوما کی ہسٹری ہو،وہ باقاعدگی سے آنکھوں کا مکمل معائنہ یعنی پردے کا معائنہ اور آئی پریشر چیک کروائیں۔افتتاحی تقریب کے اختتام پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے شعبہ امراضِ چشم کی ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور مشینیں عطیہ کرنے والی مخیر شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ہسپتال کے سینئر فیکلٹی،انتظامی ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز بھی موجود تھے۔

مزید خبریں