اسلام آباد سیف سٹی کنٹرول روم کے عملے کو محرم کی نگرانی، رسپانس میکنزم سے آگاہی

اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیف سٹی اسلام آباد عباس مہدی نے محافظ محرم کنٹرول روم کے افسران کو بریفنگ دی اور محرم الحرام کے دوران نگرانی، مانیٹرنگ اور رسپانس میکنزم کو مضبوط بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیف سٹی اسلام آباد عباس مہدی نے محافظ محرم کنٹرول روم کے افسران کو بریفنگ دی اور محرم الحرام کے دوران نگرانی، مانیٹرنگ اور رسپانس میکنزم کو مضبوط بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔سیف سٹی حکام نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ بریفنگ میں سیف سٹی سرویلنس سسٹم کے ذریعے امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں کی موثر نگرانی کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔عباس مہدی نے کنٹرول روم کے افسران کو ہدایت کی کہ مسلسل چوکس رہیں اور وفاقی دارالحکومت میں مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کی جامع کوریج کو یقینی بنائیں۔ حکام کے مطابق محافظ محرم ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی کالز کو ترجیح دینے اور فوری طور پر ایڈریس کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں تاکہ بروقت جواب اور عوامی مدد کی سہولت فراہم کی جا سکے۔بریفنگ میں کنٹرول روم اور فیلڈ فارمیشنز کے درمیان موثر کوآرڈینیشن پر بھی زور دیا گیا تاکہ کسی بھی ابھرتی ہوئی صورتحال سے فوری رابطے اور ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ دستیاب تکنیکی وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور محرم الحرام کے دوران چوبیس گھنٹے نگرانی رکھیں۔

مزید خبریں