سعودی عرب نے وسطی اور جنوبی غزہ میں انتہائی کمزور طبقات میں 25 ہزار گرم کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے
سعودی امداد،غزہ میں بے گھر افراد کے لیے نیا کیمپ، 25 ہزار گرم کھانے کے پیکٹ تقسیم

مزید خبریں
غزہ۔22جون (اے پی پی):سعودی عرب نے وسطی اور جنوبی غزہ میں انتہائی کمزور طبقات میں 25 ہزار گرم کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے جبکہ شاہ سلمان مرکز نے فلسطینی عوام کی مدد کے لیے جاری کوششوں کے ایک حصے کے طور پر غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں بے گھر افراد کے لیے ایک نیا کیمپ قائم کیا۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج، جو غزہ کی پٹی میں شاہ سلمان مرکز کا ایگزیکٹیو پارٹنر ہے، کی فیلڈ ٹیموں نے امدادی کیمپ کے قیام اور ضروری سہولیات کی فراہمی کی نگرانی کی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ انتہائی ضرورت مند خاندانوں کو ترجیح دی جائے۔یہ امداد غزہ کی پٹی میں متاثرہ افراد اور ضرورت مندوں کو مختلف شعبوں میں امدادی اور انسانی کوششوں کی توسیع ہے تاکہ فلسطینی عوام کے مصائب کو کم اور موجودہ انسانی بحران کے دوران متاثرہ خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔ مداد سے مستفید ہونے والے فلسطینیوں نے سعودی عرب، اس کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ 2023 میں غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سعودی عرب نے امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے ذریعے فضائی اور بحری امدادی پل قائم کیے۔ اب تک 83 طیاروں اور 8 بحری جہازوں کے ذریعے ہزاروں ٹن سے زیادہ امداد فراہم کی گئی جس میں خوراک، طبی سامان، آلات اور شیلٹر شامل ہیں۔ سینکڑوں امدادی ٹرک خوراک اور طبی امداد لے کرغزہ پہنچے۔ اس کے علاوہ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو 20 ایمبولینسز فراہم کی گئیں۔








